عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا

اس سے قبل اداکار نے چند ماہ کے لیے موبائل فون سے دور رہنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

بالی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان نے مداحوں کو آخری پیغام دیتے ہوئے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اپنی 56 ویں سالگرہ کے اگلے ہی دن عامر خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میرے جنم دن پر نیک تمناؤں اور محبتوں کا اظہار کرنے پر شکریہ۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں آپ لوگوں کو ایک اور خبر دینا چاہتا ہوں کہ میری سوشل میڈیا پر یہ آخری پوسٹ ہے۔

عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا

عامر خان نے لکھا کہ عامر خان پروڈکشنز نے اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنایا ہے جہاں میری اور میری فلموں سے متعلق تمام معلومات فراہم کی جائیں گی۔ ہم پہلے کی طرح ہمیشہ رابطے میں رہیں گے۔

اس پوسٹ کے بعد عامر خان کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ منظرعام سے غائب ہوگئے ہیں جسے دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے اپنے اکاؤنٹس حذف کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی ‘ہر فن مولا’ کی جھلک

ادھر عامر خان پروڈکشنز کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 22 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ اس اکاؤنٹ سے ابھی تک صرف ایک ہی پوسٹ کی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عامر خان نے کوئی انوکھا فیصلہ کیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی وہ اس طرح کے فیصلے کر چکے ہیں۔ اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے دوران عامر خان نے چند ماہ کے لیے موبائل فون کا استعمال چھوڑ دیا تھا تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ فلم پر مرکوز رکھ سکیں۔

عامر خان نے حال ہی میں اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی عکس بندی مکمل کی ہے جس میں ان کے مدمقابل مرکزی کردار میں کرینہ کپور دکھائی دیں گی۔ یہ فلم رواں برس کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

متعلقہ تحاریر