یوم پاکستان پر صدارتی ایوارڈز متعدد ستاروں کے نام

ہمایوں سعید، ریشم اور علی ظفر سمیت دیگر کو پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔

یوم پاکستان پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کئی شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے پر محتلف شخصیات کو صدارتی ایوارڈز سے نوازا ہے جن میں شوبز کے ستارے نمایاں ہیں۔ اداکار ہمایوں سعید اور گلوکار علی ظفر سمیت دیگر کو صدارتی ‏اعزاز برائے حسن کارکردگی دیا گیا ہے۔

23 مارچ کو ایوان صدر میں تقسیم اعزازات کی تقریب منعقد کی گئی۔ رواں سال یوم پاکستان پر 88 صدارتی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ جن میں 24 ستارہ شجاعت، 22 تمغہ شجاعت ، 14 پرائڈ آف پرفارمنس، 8 تمغہ امتیاز، 8 ستارہ امتیاز، 6 نشان امتیاز، 3 ہلال امتیاز، ایک ستارہ قائد اعظم، ایک ستارہ خدمت اور ایک تمغہ پاکستان دیا گیا۔

اس سال شوبر شخصیات کی بڑی تعداد کو صدارتی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ آج سے قبل اس سے زیادہ فنکاروں کو ایوارڈز نہیں دیئے گئے۔ پاکستان کے معروف اداکار، ہمایوں سعید ، ریشم ، گلوکار علی ظفر اور محمد علی شہکی، اسلامی مبلغ مولانا طارق جمیل سمیت دیگر کو پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا۔

اداکار طلعت حسین ، بشریٰ انصاری ، ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی سمیت دیگر کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

گلوکارہ عابدہ پروین، معروف شاعر احمد فراز اور فنکار صادقین نقوی سمیت 6 شخصیات کو نشان امتیاز پیش کیا گیا۔

اداکارہ زیبا شہناز ، فیصل ایدھی سمیت مختلف شخصیات کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

بیرون ممالک میں یوم پاکستان کا جشن

سال 2019 میں تمغہ امتیاز ملنے پر تنقید کی زد میں آنے والی اداکارہ مہوش حیات کو وہ وقت یاد آگیا جب انہیں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کردیں۔

صدارتی اعزازات ملنے والی شخصیات کو جہاں سلیبرٹیز نے مبارکباد پیش کی وہیں علی ظفر کو پرائڈ آف پرفارمنس ملنے پر گلوکارہ میشا شفیع اور اداکارہ عفت عمر نے ذو معنیٰ ٹوئٹس کیے۔

واضح رہے کہ ان دونوں فنکاراؤں کے ٹوئٹس پر علی ظفر کے مداحوں کی جانب سے اب تک تنقید سامنے نہیں آئی ہے۔

متعلقہ تحاریر