صبا قمر کے ہونے والے شوہر پر ہراسگی کا الزام
اداکارہ کی مداح کا کہنا ہے کہ عظیم خان ماضی میں انہیں ہراساں کرچکے ہیں۔
پاکستان کی معروف اداکارہ اور ماڈل صبا قمر نے شادی کا فیصلہ کیا تو ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔ اداکارہ کی ایک مداح نے کھلا خط لکھ کر انہیں عظیم خان سے شادی کرنے سے خبردار کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں ہر طرف صبا قمر کی شادی کی چرچے ہورہے ہیں۔ پچھلے دنوں بلاگر عظیم خان نے اداکارہ کو رواں سال شادی کرنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ انڈسٹری کا نیا جوڑا شادی کے اہم فیصلے پر خوشی کو محسوس بھی نہیں کرپایا تھا کہ صبا قمر کی ایک خیرخواہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر تہلکہ خیز اسٹوری پوسٹ کرکے تنازع کھڑا کردیا۔
اجالا لینڈ نامی یوزر نیم سے شیئر کیے جانے والے تفصیلی خط میں عظیم خان پر ہراسگی کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ اجالا نے صبا قمر کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی پسند پر دوبارہ غور کرلینا چاہیے کیونکہ عظیم خان ماضی میں انہیں اور متعدد لڑکیوں کو ہراساں کرچکے ہیں۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیے
کیا صبا قمر بھی شادی کرنے والی ہیں؟
صبا قمر نے تاحال اس پوسٹ کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ معروف اداکارہ نے اجالا کے اس خط پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے بھی گریز کیا ہے۔
عظیم خان صبا قمر کے شریک حیات بن پاتے ہیں یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا لیکن سوشل میڈیا صارفین کو اس بات پر تشویش ہے کہ اداکارہ نے اپنے ہونے والے شوہر پر اس قسم کے الزامات پر خاموشی کیوں اختیار کی ہوئی ہے؟
واضح رہے کہ صبا قمر نے اپنی حالیہ پوسٹ میں بتایا تھا کہ عظیم خان ہی وہ شخص ہیں جن کے ساتھ وہ گھر بسانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔اداکارہ نے شادی کی تاریخ کے بارے میں تو کچھ نہیں کہا تاہم انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔