انڈین گلوکارہ کا پاکستانی گانا وائرل
مسرت نذیر کا گانا نوجوان گلوکارہ نے اپنے انداز میں پیش کرتے ہوئے مداحوں کی داد وصول کی
نوجوان انڈین گلوکارہ نور چہل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان کے مشہور زمانہ گانے "لونگ گواچا‘‘ کو گن گنا رہی ہیں۔ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی نور چہل کو ان کی اِس گلوکاری پر مداحوں نے خوب سراہا ہے۔
گانا لونگ گواچا پاکستان کی مشہور و معروف گلوکارہ اور اداکارہ مسرت نذیر نے گایا تھا۔ جس کے بول خواجہ پرویز نے تحریر کیے تھے۔ جو آج بھی پاکستان کے بہترین گانوں کی فہرست میں آتا ہے۔ لونگ گواچا کے علاوہ جوگی، چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ آہستہ، لٹھے دی چادر، چٹا کُکڑ بنیڑے تے مسرت نذیر کے مشہور و معروف گانوں میں شامل ہیں۔ ان گانوں میں سے چند گانے بھارت میں ریمکس بھی کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
علی ظفر کی ایک اور ویڈیو وائرل
نور چہل کا باقاعدہ بالی وڈ میں ڈیبیو نہیں ہوا لیکن وہ اپنی گلوکاری کی صلاحیتوں سے سوشل میڈیا اسٹار ضرور بن چکی ہیں۔ نور چہل سوشل میڈیا پر مختلف گلوکاروں کے گائے ہوئے گانوں کو اپنی آواز میں گا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔ اور اس سے نور چہل نے اپنے مداحوں کا دل جیتا اور پزیرائی حاصل کی ہے۔