گلوکارہ حدیقہ کیانی کے لیے اداکاری کا ایوارڈ

ہیلو میگزین نے حدیقہ کو ڈیبیو اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔

پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھتے ہی کامیابیاں سمیٹنا شروع کردی ہیں۔ ڈرامہ سیریل رقیب سے میں بہترین اداکاری پر حدیقہ کیانی کو ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

حدیقہ کیانی نے اپنے پہلے ہی ڈرامے سے شائقین کے دل میں جگہ بنالی ہے۔ ڈرامہ سیریل ’رقیب سے‘ کی سکینہ کا تعلق ایک گاؤں سے ہے لیکن اس مضبوط کردار کو اچھے اور برے کی تمیز کے علاوہ لحاظ کرنا اور اپنے حق کے لیے بولنا بھی آتا ہے۔

حدیقہ کیانی نے اپنی جاندار اداکاری سے سکینہ کے کردار میں جان ڈال دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں پاکستان  کے مشہور فیشن میگزین ‘ ہیلو میگزین’ نے ڈیبیو اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ حدیقہ کیانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ ڈرامے کے ہدایتکار کاشف نثار اور مصنفہ بی گل کے نام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حدیقہ کیانی اداکارہ اور ثانیہ سعید گلوکارہ بن گئیں

رقیب سے کی دیگر کاسٹ میں معروف اداکار نعمان اعجاز، ثانیہ سعید اور اقراء عزیز شامل ہیں۔ ان منجھے ہوئے اداکاروں کے مدمقابل حدیقہ کیانی سکینہ کی منفرد جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

رقیب سے کی کہانی روایتی رومانوی کہانی نہیں ہے بلکہ اس کا ہر کردار اپنی جگہ مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ منفرد جذبات رکھتا ہے جسے بخوبی عکس بند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامے کا ٹائیٹل سانگ حدیقہ کیانی نے ہی گایا اور کمپوز کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر