پاکستانی فنکاروں کا انڈیا سے یکجہتی کا اظہار

پاکستانی سیاستدان،صحافی، اداکار، اور کرکٹرز سوشل میڈیا پر انڈیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔

انڈیا میں کرونا وبا کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے سیاستدان، فنکار اور عوام سوشل میڈیا پر انڈیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ‘پاکستان اسٹینڈز ودھ انڈیا’ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

انڈیا کرونا وبا کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر کوویڈ 19 کے لاکھوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات کا سلسلہ بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔  اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی شدید قلت ہے۔

اس ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سیاستدان اور عوام تمام گلے شکوے بھلا کر انسانیت کی خاطر انڈین شہریوں کے لیے دعاگو ہیں۔ ہمارے ملک کے فنکار اکثر یہ کہتے ہیں کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ہے، انہوں نے بھی پڑوسی ملک کے بدترین حالات کے پیش نظر اپنے قول کو سچ ثابت کردیا ہے۔

پاکستان کے مختلف سیاستدان، صحافی، اداکار، گلوکار اور کرکٹرز سوشل میڈیا پر انڈیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر PakistanstandswithIndia# ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے معاملے میں پاکستان کو انڈیا سے سبق سیکھنا چاہیے

اداکار و گلوکار فرحان سعید نے ٹوئٹر پوسٹ میں ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے انڈیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صحافی اسد علی طور نے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ وبا کے مشکل ترین دور میں پڑوسی ملک کے لیے دعاگو ہیں۔

اس ٹاپ ٹرینڈ کو انڈین اداکارہ کنگنا رناوت نے سراہتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ مشکل وقت میں پاکستان نے جس محبت اور خلوص کا اظہار کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے وی لاگ میں دنیا بھر کے لوگوں سے انڈیا کی مدد کرنے کی درخواست کی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں انڈیا کے لیے دعائیہ کلمات تحریر کیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں انڈیا کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ٹوئٹر پوسٹ میں انڈیا کی مثال دیتے ہوئے عوام کو خبردار کیا۔

متعلقہ تحاریر