نوازالدین صدیقی بالی ووڈ اداکاروں پر برس پڑے

اکشے کمار اور سلمان خان وبا کے مشکل ترین دور میں عوام کی مدد کو نکل آئے۔

انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے مالدیپ جانے والے بالی ووڈ اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دوسری طرف اداکار اکشے کمار اور سلمان خان مشکل ترین دور میں لوگوں کی مدد کو نکل آئے۔

انڈیا ان دنوں کرونا وبا کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے لیکن بالی ووڈ انڈسٹری کے بیشتر فنکار بیرون ممالک چھٹیاں گزارنے جارہے ہیں جس پر نوازالدین صدیقی نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ حالیہ انٹرویو میں نوازالدین کا کہنا تھا کہ اداکار ایسے وقت میں اپنی چھٹیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں جب ملک ایک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔

نوازالدین صدیقی نے مزید کہا کہ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے اور یہ اداکار ہیں کہ کھلے عام مالدیپ کے ساحل پر مزے کررہے ہیں، کچھ تو شرم کریں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے دنوں رنبیر کپور،عالیہ بھٹ، ٹائگر شروف، دیشا پٹانی، سارہ علی خان اور جھانوی کپور سمیت دیگر اداکار تعطیلات کے لیے مالدیپ پہنچے تھے۔ اداکار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان امریکا میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

نوازالدین صدیقی فلم فیئر کے بہترین اداکار

ایک طرف یہ فنکار انڈیا کو چھوڑ کر جارہے ہیں تو دوسری جانب کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جو مشکل وقت میں لوگوں کا سہارا بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار نے کرونا متاثرین کے لیے سابق انڈین کھلاڑی گوتم گھمبیر کی فلاحی تنظیم کو ایک کروڑ روپے کی رقم عطیہ کردی۔

اداکار سلمان خان بھی فرنٹ لائن ورکرز کی مدد کو آگئے۔ اداکار کی فاؤنڈیشن بینگ ہیومن نے ممبئی کے ہیلتھ ورکرز میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ ادارے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار سے زائد غریبوں میں کھانا بانٹا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے گذشتہ برس بھی ‘بینگ ہنگری’ کے نام سے ایک مہم شروع کی تھی جس کے تحت گاڑیاں جگہ جگہ جاکر غریب عوام میں کھانا پہنچاتی تھیں۔

متعلقہ تحاریر