عائزہ خان کا پہلا ڈرامہ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر

اداکارہ نے اپنے کیئریر کا آغاز 2009 میں ڈرامہ سیریل تم جو ملے سے کیا تھا۔

پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے 11 سال قبل اپنا پہلا ڈرامہ کیا تھا جس میں ان میں رنگت سانولی تھی لیکن اب جبکہ اداکارہ نے اپنی شخصیت کو باوقار بنالیا ہے تو سوشل میڈیا پر ان کے پہلے ڈرامے تم جو ملے پر تنقید کی جارہی ہے۔

فنکاروں کی ٹرولنگ دنیا بھر میں عام ہے اور پاکستان میں تو یہ ایک نیا مشغلہ بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا نے اس ٹرینڈ کو بڑھاوا دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کسی بھی اداکار کی پرانی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ڈال دی جاتی ہے اور صارفین کمنٹس میں اس اداکار کا مذاق اڑانے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔ عائزہ خان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔

اداکارہ عائزہ خان نے اپنے کیئریر کا آغاز 2009 میں ڈرامہ سیریل تم جو ملے سے کیا تھا۔ مداحوں نے اس ڈرامے کا ایک کلپ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر شیئر کیا۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے تنقید کا بازار گرم کردیا۔ کمنٹس میں عائزہ خان کی سانولی رنگت اور اداکاری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ متعدد کمنٹس میں لکھا گیا کہ اداکارہ نے گوری رنگت کے لیے بیوٹی ٹریٹمنٹس کرائے ہیں اور مہنگی کریمز استعمال کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عمران عباس کی عائزہ خان کو تصاویر شیئر کرنے پر نصحیت

چند صارفین نے لکھا کہ پیسہ سب کچھ بدل کر رکھ دیتا ہے۔ کچھ نے عائزہ خان کی تم جو ملے میں اداکاری پر تنقید کی یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ ان کا پہلا ڈرامہ تھا۔

عائزہ خان انڈسٹری کی پہلی اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے وقت کے ساتھ خود کو جاذب نظر بنایا ہے۔ اداکارہ مہوش حیات، سوہائے علی، حمائمہ ملک، فہد مصطفیٰ سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اپنے آپ کو اسکرین پر اچھا دکھنے کے لیے محنت کی ہے۔

ٹی وی اسکرین پر دیکھے جانے والے کسی بھی فنکار کے لیے اس کی شخصیت اہمیت رکھتی ہے اور وہ اسے باوقار بنانے کے لیے بہت محنت کرتے ہیں۔ اداکار مشکل ترین ورزشوں کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں لیکن ہمارے یہاں ان کی کوششوں کو ایک طرف کرکے صرف رنگت پر بےجا تنقید کا پہلو نکالا جاتا ہے۔

متعلقہ تحاریر