ایشال فیاض کی خلیل الرحمٰن سے شادی پر وضاحت

اداکارہ ان دنوں خلیل الرحمٰن کی فلم میں ہوں تیری گلناز میں کام کررہی ہیں۔

پاکستانی ماڈل و اداکارہ ایشال فیاض نے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر سے شادی کی افواہوں پر ایک مرتبہ پھر وضاحت دے دی۔ میزبان ندا یاسر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایشال نے کہا کہ ان کے اور خلیل الرحٰمن کے درمیان صرف ہدایت کار اور اداکارہ جیسا تعلق ہے۔

ایشال فیاض کا شمار پاکستان کی بولڈ اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم انہوں نے خواتین کے حوالے سے تنازعات میں گھرے رہنے والے رائٹر خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ متعدد پروجیکٹس میں کام کیا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پچھلے برس دونوں کی شادی کی افواہیں سامنے آئیں۔

ندا یاسر کے پروگرام میں ایشال فیاض نے ایک مرتبہ پھر خلیل الرحٰمن قمر سے شادی کی افواہوں کی تردید کردی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم یہ افواہ سوشل میڈیا پر کہاں سے پھیلنا شروع ہوئی لیکن جب یہ قیاس آرائیاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پھیلائی گئیں تو وہ خوفزدہ ہوکر اکیلے کمرے میں رونے لگی تھیں جبکہ خلیل صاحب کی اہلیہ نے بھی اس وقت بلاگرز کی سرزنش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ایشال فیاض کا گانے کے ذریعے نور جہاں کو خراج عقیدت

اداکارہ نے وضاحت دی کہ ان کے اور خلیل الرحمٰن کے درمیان صرف ہدایت کار اور اداکار جیسا تعلق ہے۔ اسی وجہ سے اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود بھی وہ خلیل الرحمٰن کی فلم ’میں ہوں تیری گلناز‘ میں کام کررہی ہیں۔

ایشال فیاض نے جھوٹی خبریں پھیلنے کا ذمہ دار سوشل میڈیا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے زندگی بہت آسان تھی لیکن اب سوشل میڈیا کے باعث لوگوں کی سوچ منفی ہوگئی ہے۔ اگر آپ لوگوں کے کمنٹس پڑھنا شروع کریں تو ساری رات سو نہیں سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشال نے پچھلے برس بھی شادی کی افواہوں پر وضاحتی ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا تھا۔

متعلقہ تحاریر