ایمزون کی ایم جی ایم اسٹوڈیوز خرید نے کی خواہش
ایم جی ایم اسٹوڈیوز کو تقریباً 9 ارب ڈالرز میں خریدنے کے لیے فلم اسٹوڈیوز اور ایمزون کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ایمزون کی ہالی ووڈ فلم اسٹوڈیوز میٹرو گولڈوین مائر (ایم جی ایم) خریدنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایم جی ایم بورڈ کے چیئرمین کیون الوریچ کے ساتھ اس معاہدے کا آغاز ایمزون اسٹوڈیوز اور پرائم ویڈیو کے سینئر نائب صدر مائک ہاپکنز نے کیا ہے۔ ایم جی ایم اسٹوڈیوز کو تقریباً 9 ارب ڈالرز میں خریدنے کے لیے فلم اسٹوڈیوز اور ایمزون کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ جبکہ کئی میڈیا ادارے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کر رہے ہیں کہ اس معاہدے کی مالیت تقریباً 5 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایمزون اور میٹرو گولڈوین مائر دونوں نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
فلم بینوں کے درمیان اپنی الگ ہی پہچان بنانے والی جیمز بانڈ کی فلمیں بھی ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے بینر تلے بنی ہیں اور ایپکس کیبل چینل بھی اسی اسٹوڈیوز کی ملکیت ہے۔ ایم جی ایم اسٹوڈیوز ٹی وی شوز بھی بناتا ہے جس کے مشہور شوز میں دی ہینڈ میڈس ٹیل، فرگو، وائکنگز اور شارک ٹانک جیسے شوز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مختصر پاکستانی فلم دریا کے اس پار کو 3 عالمی ایوارڈز مل گئے
میٹرو گولڈ وین مائر (ایم جی ایم) کا آغاز اپریل 1924 میں تھیٹر میگنیٹ مارکس لو نے کیا تھا۔ ایم جی ایم اسٹوڈیوز 1930 اور40 کی دہائی میں اپنے عروج کو پہنچا تھا۔ اسی عرصے کے دوران ایم جی ایم کے ساتھ ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کام کر رہی تھیں جن میں گریٹا گاربو، جان گلبرٹ اور نورما شیئر سمیت دیگر شامل ہیں۔









