رقیب سے کی آخری قسط نے مداحوں کے دلوں کو چھولیا

20 سال پرانی محبت کی داستان کا انجام ایک مرتبہ پھر دہرادیا گیا۔

رقیب سے کا شمار پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری کے ایک غیر روایتی ڈرامے میں ہوتا ہے۔ گذشتہ روز رقیب سے کی آخری قسط نشر کی گئی جس نے شائقین کے دلوں کو چھولیا۔ اداکارہ فریال محمود اور گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنے تاثرات بیان کیے۔

پاکستانی ٹی وی اسکرین پر ایک عرصے بعد جذبات سے بھری رشتوں کی اس الجھی کہانی نے ناظرین کے دلوں میں گھر کرلیا ہے۔ گذشتہ روز رقیب سے کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد اداکارہ فریال محمود اور حدیقہ کیانی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی پوسٹس شیئر کیں۔

حدیقہ کیانی نے اپنی ٹوئٹ میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران لی گئی چند تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی لکھا کہ رقیب سے ان کی زندگی کا ایک یادگار تجربہ تھا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتی ہیں۔ گلوکارہ نے ڈرامے کے ہدایتکار اور مصنفہ سمیت تمام کاسٹ کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ماہرہ خان اور ژالے سرحدی رقیب سے کی مداح

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حدیقہ کیانی نے اس ڈرامے سے پہلی مرتبہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے اور سکینہ کے کردار میں ایسی جان ڈالی ہے کہ ناظرین دنگ رہ گئے ہیں۔

فریال محمود نے انسٹاگرام پوسٹ میں رقیب سے میں اپنے کردار انشاء کی تعریف کی اور بہترین اسکرپٹ لکھنے پر مصنفہ بی گل کا شکریہ ادا کیا۔ اداکارہ نے کاشف نثار کی ہدایتکاری کی بھی خوب داد دی۔

رقیب سے میں پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز، ثانیہ سعید اور اقراء عزیز نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بلاشبہ رقیب سے کا ہر کردار جاندار تھا۔ مقصود صاحب ہوں یا حاجرا، سکینہ ہوں یا امیراں، ہر کردار کی اپنی ایک الگ شخصیت نظر آئی جس میں خوبیوں کے ساتھ ساتھ خامیاں بھی موجود تھیں۔

ڈرامے کی آخری قسط نے جہاں مداحوں کی الجھنیں سلجھائیں وہیں اس کے دردناک انجام نے شائقین کو رلادیا۔ 20 سال پرانی محبت کی داستان جب نئے کرداروں کا روپ لے کر سامنے آئی تو اس کا انجام بھی اتنا ہی تکلیف دہ تھا جیسا 20 سال پہلے تھا۔

متعلقہ تحاریر