جیا علی کاروباری شخصیت کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک

اداکارہ کی شادی ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی بزنس مین اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران ادریس سے ہوئی ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ جیا علی ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی بزنس مین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران ادریس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔

اداکارہ جیا علی پاکستانی کاروباری شخصیت عمران ادریس کے ساتھ طویل دوستی کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ جمعرات کے روز اداکارہ جیا علی کا نکاح صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا۔ نکاح کی تقریب میں اداکارہ کے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

بشریٰ انصاری اور زارا نور عباس مداحوں کی مشکور

عمران ادریس ایک کرکٹ کوچ ہیں جو ہانگ کانگ کی قومی ٹیم سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک میں بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک بزنس مین بھی ہیں اور ان کی کمپنی کھیلوں کی مختلف مصنوعات بناتی ہے۔ عمران ادریس نے ایسٹ ایشیئن پیسیفک ممالک میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اداکارہ جیا علی نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا لیکن انہیں شہرت اپنی پہلی فلم دیوانے تیرے پیار کے سے ملی تھی۔ یہ فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ہدایتکار سید نور تھے۔ جبکہ اس فلم میں اداکار معمر رانا اور ندیم بیگ سمیت پاکستان کی دیگر مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔

جیا علی پاکستان کی مختلف فلموں میں کام کرچکی ہیں جن میں گھر کب آؤ گے ، لو میں گم اور سایہ خدائے ذوالجلال شامل ہیں۔ جبکہ اداکارہ نے مختلف ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں بند کھڑکیوں کے پیچھے، پکار، ڈولی ڈرالنگ سمیت دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر