سائرہ یوسف اور صدف کنول کے درمیان سرد جنگ کا آغاز

صدف کنول کا کہنا ہے کہ خود کو مظلوم ظاہر نہ کریں ان حالات کے لیے جو آپ نے خود پیدا کیے۔

پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف اور ان کے سابق شوہر شہروز سبزواری کی اہلیہ و ماڈل صدف کنول کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ سائرہ یوسف نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر امریکی افسانہ نگار کا قول شیئر کیا تو صدف کنول بھی میدان میں آگئیں۔

سائرہ یوسف نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مشہور امریکی افسانہ نگار آرنیسٹ ہمنگوے کا قول شیئر کیا کہ بہترین لوگ وہی ہیں جو خوبصورتی کا احساس سمجھتے ہیں، جن میں خطرہ مول لینے کی ہمت ہوتی ہے اور جو قربانی دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن ستم ظریفی کی بات تو یہ ہے کہ ان کی خوبیوں نے انہیں کمزور کردیا ہے۔ وہ اکثر زخمی ہوتے ہیں اور کبھی تباہ وبرباد بھی ہوجاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عروہ حسین اور صبور علی کے درمیان زندگی کے فلسفوں پر گفتگو

سائرہ یوسف کی اس بات کے جواب میں صدف کنول نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ خود کو مظلوم ظاہر نہ کریں ان حالات کے لیے جو آپ نے خود پیدا کیے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہروز سبزواری کی دوسری شادی کے بعد سائرہ یوسف نے نجی زندگی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔ اداکارہ نے نہ صدف کنول کو کبھی تنقید کا نشانہ بنایا اور نہ ہی کوئی ذومعنی بات کہی تاہم صدف کنول نے لفظی جنگ کی شروعات کردی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے سال شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں۔ بعدازاں شہروز سبزواری نے 31 مئی 2020 کو صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔

متعلقہ تحاریر