ٹرین حادثے پر ماہرہ خان اور مہر تارڑ یک زباں

مہر تارڑ نے کہا کہ ہر حالت میں غریب لوگ ہی مرتے ہیں اور اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔

پاکستان کی ایک معروف صحافی مہر تارڑ نے گھوٹکی میں ہونے والے ٹرین حادثے کا ذمہ دار پاکستان کی موجودہ اور سابقہ حکومت کو ٹھہرایا ہے جبکہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی مہر تارڑ کی بات سے متفق ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہر تارڑ نے لکھا کہ غریب لوگ ٹرین کے ملبے کے نیچے دب رہے ہیں۔ سیلاب سے مرنے والے بھی غریب لوگ، بس اور منی بس حادثات میں بھی غریب لوگ ہی مر رہے ہیں۔ صحت کے ناقص انتظامات کی وجہ سے بھی غریب لوگ جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ غریب لوگ بھوک سے مررہے ہیں اور ان سب کی ذمہ دار پاکستان کی موجودہ اور سابقہ حکومتیں ہیں۔

اس ٹوئٹ کے بعد پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے میں مہر تارڑ کی بات سے اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیے

حادثے کا شکار ٹرین کے کراچی سے ہی خراب ہونے کا انکشاف

ایک اور ٹوئٹ میں مہر تارڑ نے لکھا کہ اگر یہ امیر انسانوں کی سواری ہوتی تو ٹریک کو جلدی ٹھیک کردیا جاتا۔ یہ ٹریک غیر محفوظ تھا اور اسے ٹھیک نہیں کروایا گیا تھا۔

مہر تارڑ کی اس ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک 62 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ یہ حادثہ ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان پیش آیا تھا۔

متعلقہ تحاریر