ایمان علی خود کو خواجہ سرا سے مشابہ قرار دینے پر تنقید کی زد میں

عائشہ مغل کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو انٹرویوز میں گفتگو کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ ایمان علی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی شکل کو پسند نہیں کرتی ہیں۔ جب کبھی سیلفی لینے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں اپنی شکل خواجہ سرا جیسی لگتی ہے۔ ایمان علی نے یہ بات جس انداز سے کہی اس پر خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات اور میزبان رابعہ انعم مخالفت میں سامنے آگئیں۔

ایمان علی کو مداحوں کی ایک بڑی تعداد پسند کرتی ہے۔ معروف ماڈل کی خوبصورتی کو بھی ہر جگہ سراہا جاتا ہے لیکن حیران کن طور پر ایمان علی خود اپنی شکل کو ناپسند کرتی ہیں۔ ٹی وی شو گھبرانا منع ہے میں میزبان واسع چوہدری نے ایمان علی سے سیلفیز نہ لینے کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے بتایا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں بہت خوبصورت ہوں مگر میں جب شیشے کے سامنے جاتی ہوں تو لگتا ہے وہ سب جھوٹ بولتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ سیلفی بھی اسی لیے نہیں لے پاتیں کیونکہ جب کبھی وہ سیلفی لینے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں اپنی شکل خواجہ سرا جیسی لگتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دھوپ کی دیوار کا پوسٹر جاری

ایمان علی نے اپنے انٹرویو میں یہ بات جس انداز سے کہی اس پر سوشل میڈیا پر چند افراد ان کی مخالفت میں سامنے آگئے ہیں۔ وزارت برائے انسانی حقوق میں خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عائشہ مغل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایمان علی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ فنکاروں کو انٹرویوز میں گفتگو کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ بدصورت ہیں تو ٹھیک ہے لیکن اس بدصورتی کو خواجہ سرا سے مشابہ قرار دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ خواجہ سرا پاکستان کے خوبصورت، مضبوط اور کامیاب شہری ہیں۔

عائشہ مغل پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ہیں جنہوں نے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ عائشہ کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

خواجہ سرا ماڈل کامی سڈ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ خواجہ سرا ہونا کوئی بری بات نہیں ہے، سب خدا کی ہی مخلوق ہیں۔ ہم سب کو اپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

میزبان رابعہ انعم ایمان علی پر برس پڑیں اور انسٹاگرام پر جاری پیغام میں اداکارہ کو کھری کھری سنادی۔

متعلقہ تحاریر