اداکارہ میرا نئی مشکل میں پھنس گئیں

اداکارہ نے پریس کانفرنس میں شیخ رشید کو پرائم منسٹر آف پاکستان کہتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ میرا کے مطابق لاہور میں ان کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس حوالے سے ان کے خاندان پر حملہ بھی کیا گیا ہے۔ اداکارہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو وزیر اعظم کہتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔

لالی ووڈ اداکارہ میرا اور مسائل کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ مِیرا ایک مسئلے سے نکل نہیں پاتیں کہ نئی مشکل آن کھڑی ہوتی ہے۔ گزشتہ روز اداکارہ میرا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور کے علاقے ایم ایم عالم روڈ پر واقع ان کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے نہ صرف انہیں دھمکیاں موصول ہورہی ہیں بلکہ ان کے خاندان پر حملہ بھی کیا گیاہے۔ اداکارہ کے مطابق سی سی پی او لاہور وقت پر کارروائی نہ کرتے تو جانی اور مالی نقصان ہوجاتا۔

یہ بھی پڑھیے

میرا کو امریکا میں دماغی مریضوں کے اسپتال کیوں بھیجا گیا؟

دوران پریس کانفرنس مِیرا رو پڑیں اور کہا کہ کچھ لوگ ان کی والدہ کو قتل کر کے 30 سے 40 کروڑ کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی جائیداد پرعدالت سے حکم امتناع لے لیا ہے۔

اداکارہ نے شاہد محمود نامی شخص پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور فوری طور پر انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ مِیرا نے پریس کانفرنس میں شیخ رشید کو پرائم منسٹر آف پاکستان کہتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔

متعلقہ تحاریر