دھوپ کی دیوار پر پابندی کا مطالبہ

دھوپ کی دیوار کی کہانی پاکستان اور انڈیا کے 2 خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔

پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی تنقید کی زد میں آگیا۔

ویب سیریز دھوپ کی دیوار 25 جون کو انڈین اسٹریمنگ ایپ زی فائیو پر ریلیز ہوگی لیکن اس کے منفرد موضوع نے سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا کردیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر BanDhoopKiDewaar# ٹرینڈ کررہا ہے۔

دھوپ کی دیوار

یہ بھی پڑھیے

دھوپ کی دیوار کا پوسٹر جاری

دھوپ کی دیوار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی گئی ہے جسے پاکستان کی معروف ڈرامہ اور ناول نگار عمیرہ احمد نے تحریر کیا ہے۔ ویب سیریز میں سجل علی نے ایک شہید پاکستانی آرمی آفیسر کی بیٹی جبکہ احد رضا میر نے بھارتی فوجی کے بیٹے کا کردار نبھایا ہے۔

زہرہ فاطمہ نامی خاتون نے ٹوئٹر پر لکھا کہ دوقومی نظریہ پاکستان کی بنیاد ہے۔ ہم عمیرہ احمد جیسے لوگوں کو ہرگز کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

کچھ لوگوں نے عمیرہ احمد کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے نہ صرف دھوپ کی دیوار پر  بلکہ عمیرہ احمد پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

کچھ لوگوں نے مصنفہ پر غداری اور ملک دشمنی کا الزام بھی عائد کیا ہے کیونکہ یہ ویب سریز پاکستان میں نہیں بلکہ انڈیا کے ویب اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر آن ائیر کی جائے گی۔

مصنفہ عمیرہ احمد نے سوشل میڈیا پر اس کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ دھوپ کی دیوار پر انھوں نے 2019 میں کام شروع کیا تھا۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر کو سریز کی کہانی بھی بھیجی گئی تھی تاکہ اگر کوئی قابل اعتراض مواد ہو تو اسے ہٹایا جاسکے۔

عمیرہ احمد کے مطابق دھوپ کی دیوار پروڈکشن کمپنی گروپ ایم کے ساتھ 2018 میں سائن کی تھی یہ پاکستان کی کونٹینٹ کمپنی ہے۔

عمیرہ احمد کا کہنا تھا کہ گروپ ایم نے ان میں سے 2 پروجیکٹ پاکستانی نجی چینل کو فروخت کیے اور 2 پروجیکٹ انٹرنیشنل پلیٹ فارم کو بیچنے کی کوشش کی جن میں زی فائیو اور نیٹ فلکس شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر