مایا علی کے ساتھ فلم یا ڈرامہ کرنا چاہتا ہوں، بلال اشرف

بلال اشرف کا شمار پاکستان کے ان چند اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ہی فلموں سے کیا اور کچھ ہی عرصے میں شہرت حاصل کرلی۔ نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں بلال اشرف نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں ہونے والے تنازعے سے متعلق کہا کہ ہر انسان کا اپنا ایک اسٹائل ہوتا ہے اور مداحوں کو اسے تسلیم کرنا چاہیئے۔

بلال اشرف کو حال ہی میں ہونے والے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین اسٹائلش اداکار کا ایوارڈ ملا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ فلم سپر اسٹار میں اداکارہ ماہرہ خان کے مدمقابل بہترین پرفارمنس پر دیا گیا۔ مایا علی اور ان کے بارے میں سوشل میڈیا پر کی جانے والی قیاس آرائیوں سے متعلق جواب میں بلال اشرف نے کہا کہ مایا علی ان کی بہترین دوست ہیں اور ایک محنتی اداکارہ بھی، وہ ان کے ساتھ کوئی ڈرامہ یا فلم ضرور کرنا چاہتے ہیں۔

بلال اشرف نے نیوز 360 کو بتایا کہ انہوں نے فلم جانان ہنسی مذاق میں کی لیکن باکس آفس پر ہٹ ہوگئی۔ جس کے بعد فلم رنگریزہ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ معروف اداکار نے فلم انڈسٹری میں دیر سے قدم رکھنے کے سوال پر کہا کہ وہ انڈسٹری میں ہیرو بننے یا کسی سے مقابلہ کرنے نہیں بلکہ اپنی مرحومہ بہن کا خواب پورا کرنے آئے ہیں۔

بلال اشرف نے اپنے فنی سفر سے متعلق نیوز 360 کو مزید کیا بتایا؟ دیکھیے اس انٹرویو میں۔

یہ بھی پڑھیے

بلال اشرف کی کامیابی مرحوم بہن کے نام

Facebook Comments Box