ماہرہ خان کی خفیہ شادی

ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کو بہترین اور پسندیدہ ساتھی اداکار قرار دے دیا۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے خفیہ شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے انٹرویو میں بتایا کہ وہ جب بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی تو سب کو معلوم ہوجائے گا۔

ماہرہ خان نے یوٹیوب چینل میشن پر مداحوں کے سوالات پر مبنی ایک انٹرویو دیا جس میں بتایا کہ انہوں نے کوئی خفیہ شادی نہیں کی ہے۔ معروف اداکارہ نے ثبوت کے طور پر اپنی انگلیاں بھی دکھائیں اور کہا کہ ان میں کوئی شادی کی انگوٹھی نہیں ہے۔ ماہرہ نے بتایا کہ وہ جب بھی شادی کریں گی تو سب کو معلوم ہوجائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ 2019 سے اداکارہ کی دوسری شادی کی افواہیں پھیلنا شروع ہوئیں جس کے بعد جون 2020 میں ماہرہ خان نے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ان کے تعلقات سلیم نامی شخص سے ہیں اور مستقبل میں وہ ان سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔


یہ بھی پڑھیے

ماہرہ خان کے فلم انڈسٹری میں 10 سال مکمل

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کتنی بڑی ’رئیس‘ لگتی ہیں، یہ مداحوں کی محبت ہے کہ انہیں وہ ’رئیس‘ سمجھتے ہیں۔

انٹرویو میں ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کو بہترین اور پسندیدہ ساتھی اداکار قرار دیا۔ ناک کی سرجری سے متعلق سوال پر اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کرایا ہے۔ ماہرہ نے ثبوت کے طور پر ویڈیو میں اپنی ناک کو زوم کرکے بھی دکھایا۔

چھ سال بعد ڈرامہ سیریل ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں مہرین کے روپ میں سامنے آنے والی ماہرہ خان نے انٹریو میں بتایا کہ وہ ہالی ووڈ  سپر اسٹار ٹام کروز کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کررہی ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ زندگی میں ایک مرتبہ ٹام کروز کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھائیں۔

متعلقہ تحاریر