نصیرالدین شاہ کو دلیپ کمار سے شکایت

بقول نصیر الدین شاہ دلیپ کمار نے اپنی زندگی میں کبھی سماجی کاموں میں بھی حصہ نہیں لیا۔

بالی وڈ کے معروف اداکار نصیرالدین شاہ کہتے ہیں کہ دلیپ کمار نے اداکاری کے علاوہ کچھ ایسا نہیں کیا جس سے نئی نسل کے اداکاروں کو سیکھنے کو ملتا۔

ایک ہفتہ قبل اس جہان فانی سے کوچ کر جانے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ ان کی موت کے بعد مختلف اداکاروں نے ان کے لیے تعریفی کلمات تحریر کیے۔ سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ نے بھی بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں دلیپ کمار سے متعلق ایک مضمون تحریر کیا۔

نصیرالدین شاہ نے لکھا کہ بلاشبہ دلیپ کمار ایک عظیم اداکار تھے مگر انہوں نے اداکاری کے علاوہ کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے آنے والے اداکاروں کو کچھ سیکھنے کو ملتا ۔ نصیرالدین شاہ نے مزید لکھا کہ دلیپ کمار نے پورے کیریئر میں صرف ایک فلم پروڈیوس کی اور کبھی ہدایتکاری کے میدان میں نہیں آئے۔ نصیر الدین شاہ کے مطابق اگر دلیپ کمار اپنے تجربات نئی نسل کے ساتھ شیئر کرتے تو ان کی اداکاری کے طریقوں سے فلم انڈسٹری کے کئی نوجوان فائدہ اٹھا سکتے تھے۔ بقول نصیر الدین شاہ دلیپ کمار نے اپنی زندگی میں کبھی سماجی کاموں میں بھی حصہ نہیں لیا۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ شگفتہ علی دلیپ کمار کی مقروض

دلیپ کمار نے اپنے کیریئر میں 50 کے قریب فلمز کیں۔ ان کے دور کے دوسرے اداکار سال میں کم سے کم 2 فلمیں کیا کرتے تھے لیکن دلیپ کمار 2 سال میں ایک فلم کرتے تھے۔ نصیر الدین شاہ نے کہا کہ ان تمام شکایات کے باوجود وہ دلیپ کمار کے لاکھوں مداحوں میں سے ایک ہیں اور ہمیشہ ان کی سحرانگیزی کی داد دیتے رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر