فیصل قریشی اور شنیرا اکرم کے سماجی شعور سے متعلق اہم پیغامات

معروف اداکار نے ویڈیو شیئر کی جس میں ایک صاحب سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے مخالف سمت سے آتے دکھائی دیئے۔

پاکستانی اداکار فیصل قریشی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے شہریوں میں سماجی شعور بیدار کرنے کی ٹھان لی۔ سوشل میڈیا پر دونوں نے اس حوالے سے پیغامات اور ویڈیوز شیئر کیں۔

کسی بھی قوم  کی ترقی کا دار و مدار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کے افراد اپنے معاشرتی فرائض کی ادائیگی کس حد تک کرتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ معاشرے سے متعلق وہ تمام اعمال اور ذمہ داریاں صرف انہی کی ذات تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ ایک وسیع دائرہ ہوتا ہے جس پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کراچی کے شہریوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرنے کے لیے اب فنکار بھی میدان میں آگئے ہیں اور اس حوالے سے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔ گزشتہ روز معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک صاحب جمعے کی نماز پڑھنے تو چلے گئے لیکن اپنی گاڑی سڑک کے بیچ کھڑی رکھ دی جس سے دیگر گاڑیوں کو وہاں سے گزرنے میں مشکل پیش آرہی تھی۔ معروف اداکار نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ایک صاحب سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے مخالف سمت سے آتے دکھائی دیئے۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا نے وسیم اکرم کو بیٹی سے دور کردیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی ایک ٹوئٹ کیا جس میں شہریوں کو سیٹ بیلٹ لگانے کی تاکید کی۔ شنیرا اکرم نے لکھا کہ اگر آپ سیٹ بیلٹ نہیں لگانا چاہتے تو ٹھیک ہے نہ لگائیں آپ کی اپنی زندگی ہے لیکن بچوں کو تو سیٹ بیلٹ لگانے کی پابندی کرائیں کیونکہ اگر کسی حادثے کی صورت میں اپنے بچوں کو کچھ ہوجائے تو ساری عمر کا پچھتاوا آپ کا ساتھ نہیں چھوڑے گا جوکہ بہت برا ہوتا ہے۔

کچھ روز قبل بھی شنیرا اکرم نے سیٹ بیلٹ سے متعلق اداکارہ منال خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے منال خان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اپنے منگیتر احسن محسن کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھیں اور انہوں نے سیٹ بیلٹ نہیں لگایا تھا۔

متعلقہ تحاریر