ویب سیریز کی وجہ سے موضوعات میں اضافہ ہوا ہے، ژالے سرحدی

پاکستانی اداکارہ ژالے سرحدی کہتی ہیں کہ آنے والا وقت ڈیجیٹل کا ہے۔ نیوز 360 سے گفتگو میں اداکارہ نے کہا کہ ویب سیریز کی وجہ سے موضوعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ہم اپنے معاشرے کی مناسبت سے کئی ایسے مسائل کو زیر بحث لاسکتے ہیں جن پر عام طور پر بات نہیں کی جاتی، تاہم اس حوالے سے انڈیا کی تقلید کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ژالے سرحدی نے پاکستانی فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہدایتکاروں کو نہ فلم بنانا آتی ہے اور نہ لکھنے والوں کو فلم لکھنا آتی ہے۔ انڈسٹری میں بہت کم لوگ ہیں جو فلموں کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق اگر ہمارے ملک میں مزید سینما گھر کھل جائیں تو امید ہے اچھی فلمیں بننا شروع ہوجائیں گی۔

ژالے سرحدی نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ بڑے پردے پر کام کرنا ان کا سب سے بڑا خواب ہے، اس حوالے سے 2 سے 3 پرجیکٹس پر بات چیت جاری ہے۔

مارننگ شو کی میزبانی سے متعلق سوال پر ژالے سرحدی نے کہا کہ وہ روایتی طرز کا مارننگ شو نہیں کرسکتی ہیں جن میں شادیاں کرائی جاتی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ بین الاقوامی طرز کے مارننگ شوز کرنا چاہتی ہیں۔ اداکارہ ان دنوں ڈرامہ سیریل یار نہ بچھڑے میں کام کررہی ہیں۔

ژالے سرحدی نے اپنے فنی سفر سے متعلق نیوز 360 کو مزید کیا بتایا؟ دیکھیے اس انٹرویو میں

یہ بھی پڑھیے

مایا علی کے ساتھ فلم یا ڈرامہ کرنا چاہتا ہوں، بلال اشرف

متعلقہ تحاریر