مریم نواز کے قرنطینہ کو کترینہ کہنے پر عامر لیاقت تنقید کی زد میں

مریم نواز کے کرونا میں مبتلا ہونے پر عامر لیاقت نے لکھا کہ لیگی رہنما نے خود کو کترینہ کرلیا ہے۔

معروف میزبان عامر لیاقت حسین نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والی خبر کو عجیب و غریب انداز میں شیئر کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

رمضان ٹرانسمیشن ہو یا پھر سوشل میڈیا پوسٹس،عامر لیاقت ہمیشہ اپنی متنازعہ حرکتوں کے باعث تنقید کی زد میں رہتے ہیں۔ اس مرتبہ مریم نواز پر بیہودہ تبصرہ کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر لکھا کہ مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے اپنے آپ کو “کترینہ” کرلیا ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزاح کی ایموجی بھی شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیے

عامر لیاقت کی قلابازی، طالبان کے حمایتی بن گئے

سوشل میڈیا صارفین کو عامر لیاقت کا یہ انداز بالکل بھی نہیں بھایا۔ مریم نواز کی بیماری پر طنز کرنے پر صارفین ان پر سخت تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ عامر بھائی آپ جو مرضی کرلیں لیکن آپ کو وزارت نہیں ملنے والی۔

ایک اور صارف نے کہا کہ عامر صاحب جب آپ کو کرونا ہوا تھا تو آپ دوسروں سے دعائیں کروا رہے تھے۔ خدا نے بیماری کا مذاق اڑانے سے منع کیا ہے۔ آپ کو اپنی اصلاح کرنی چاہیئے۔ کچھ صارفین نے کہا کہ کرونا کی وبا تو جلد ختم ہوجائے گی لیکن عامر لیاقت کی یہ بیماری لاعلاج ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی عامر لیاقت حسین اپنے ٹی وی پروگرام اور سوشل میڈیا پر متعدد شخصیات کا مذاق اڑا چکے ہیں۔ کچھ روز قبل انہوں نے افغان طالبان کی حمایت میں بھی پوسٹ شیئر کی تھی جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Facebook Comments Box