شہزاد رائے کا نیا گانا مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بچوں کے نام

معروف اداکار ہمایوں سعید سمیت متعدد معروف شخصیات کی جانب سے گانے کو پسند کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے معروف گلوکار شہزاد رائے نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر نیا گانا جاری کردیا۔

شہزاد رائے نے اپنا نیا گانا نہ صرف مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے ان تمام بچوں کے نام کیا جن کی چیخیں گولیوں کی بوچھاڑ میں دب گئیں بلکہ ان تمام صحافیوں کے بھی نام کیا ہے جو اپنے لہو اور قلم سے آزادی کا علم بلند کیے ظلم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

معروف گلوکار نے فیض احمد فیض کی نظم پر مبنی گانے کو یوٹیوب چینل کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا، جسے اب تک 15 ہزار سے زیادہ افراد دیکھ اور سن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شوبز انڈسٹری او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا رخ کرنے لگے

گانے کی دھن شانی حیدر نے ترتیب دی ہے جبکہ ویڈیو ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں۔ شہزاد رائے کو اس نغمے کی تیاری میں ندیم اسد اور فیض فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل رہا ہے۔ معروف اداکار ہمایوں سعید، ہدایتکار احسن رحیم اور اینکر پرسن حامد میر سمیت متعدد شخصیات کی جانب سے شہزاد رائے کی اس کاوش کو سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے شہزاد رائے اس سے قبل بھی سماجی مسائل پر مختلف گانے بناتے رہے ہیں جنہیں ماضی میں بےحد پذیرائی ملی۔

متعلقہ تحاریر