لڑائی میں محبت کی چاشنی، دلیپ کمار اور مدھوبالا کا طرہ امتیاز

61 سال قبل فلم مغل اعظم میں فلمایا گیا رومانوی سین آج بھی بھارتی فلم انڈسٹری کا سب سے دلفریب منظر سمجھا جاتاہے۔

61 سال قبل فلم مغل اعظم میں عظیم اداکار دلیپ کمار اور اداکارہ مدھوبالا پر فلمایا گیا رومانوی سین بھارتی سینما کی تاریخ کا آج بھی سب سے رومانوی منظر کہا جاتا ہے۔ اس منظر پر سوشل میڈیا پر لاتعداد میمز بھی بن چکی ہیں، تاہم اب مغل اعظم کے اس رومانوی سین کے حوالے سے ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔

انڈیا کے معروف روزنامے انڈین ایکسپریس نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ “فلم مغل اعظم کا وہ رومانوی سین جب فلمایا گیا تھا تو اس وقت دلیپ کمار اور مدھوبالا ایک دوسرے کو سلام کرنے کے روادار نہیں تھے۔”

یہ بھی پڑھیے

حرا مانی عاصم اظہر کی لیکن انوشے عباسی حرا مانی کی فین

دونوں ادکاروں نے  کمال مہارت سے  باہمی  تعلقات کو پیشہ ورانہ ذمے داریوں  پر غالب نہیں آنے دیا۔ دلیپ کمار نے اپنی سوانح عمری  میں لکھا ہے کہ فلم سائن کرتے وقت ان کے اداکارہ مدھوبالا سے بہت قریبی تعلقات تھے۔ مگر فلم  کے مہنگے سیٹ  اور پروڈکشن کے اخراجات کے باعث  فلم کی عکس بندی شروع ہونے میں کئی سال لگ گئے۔ اس دوران اداکارہ مدھوبالا کے والد کے باعث دونوں اداکاروں میں تعلقات اس قدر کشیدہ ہوگئے تھے کہ دونوں ایک دوسرے کا حال احوال پوچھنے کے بھی روادار نہیں تھے۔

ہدایتکار آصف کی فلم “مغل اعظم” ہندی سینما انڈسٹری کی چند مشہور فلموں میں سے ایک ہے۔ عظیم الشان سیٹ ، شاندار مکالمے ، دلیپ کمار ، مدھوبالا اور پرتھوی راج کپور کی شاندار کاسٹ نے فلم کو چار چاند لگا دیئے تھے۔

مرحوم اداکار دلیپ کمار کی بطور “شہزادہ سلیم” کی مغل اعظم میں اداکاری کو آج بھی ایک یادگار کردار سے یاد کیا جاتا ہے۔ شہزادہ سلیم کے کردار نے دلیپ کمار کو ایک الگ پہچان دی تھی۔ مدھوبالا کی انارکلی کے روپ میں اداکاری کو سلور اسکرین پر آج سراہا جاتا ہے۔

مغل اعظم کو بھارتی فلم انڈسٹری کی پہلی رومانوی فلم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا،تاہم جو کچھ فلم میں پردہ اسکرین پر دکھایا گیا وہ حقیقی زندگی سے بالکل مختلف تھا۔

ہدایتکار آصف نے جب دلیپ کمار اور مدھوبالا کو فلم کے لیے کاسٹ کیا تو فلم بینوں کی جانب سے اس انتخاب کو بہتری قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں اداکار دلیپ کمار (محمد یوسف خان) نے اپنی سوانح عمری میں اداکارہ مدھوبالا سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا تھا۔

Facebook Comments Box