خدا اور محبت نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

ڈرامے کی 26 اقساط، گانے اور ٹیزر کے ناظرین کی تعداد ایک ارب 20 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

پاکستانی ڈرامہ سیریل خدا اور محبت سیزن 3 نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ یوٹیوب پر ڈرامے کے ناظرین کی تعداد ایک ارب 20 کروڑ تک جاپہنچی۔

جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل خدا اور محبت  کے پہلے 2 سیزن بھی ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ تاہم تیسرے سیزن نے  کامیابیوں کے تمام ریکارڈ پاش پاش کردیے۔ سیزن تھری کی 26 اقساط، گانے اور ٹیزر کے مجموعی ناظرین کی تعداد ایک ارب 20 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

معروف مصنف اور ڈرامہ نگار ہاشم ندیم خان کی کہانی کو ہدایتکار سید وجاہت حسین نے ڈرامے کی شکل دی ہے جبکہ اداکارہ اقرا عزیز اور اداکار فیروز خان کی جوڑی ماہی اور فرہاد کے روپ میں اپنے فن کا جادو جگارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت کی کشمیر پریمیئر لیگ کی مفت تشہیر

ڈرامے کی کہانی ماہی اور فرہاد کے گرد گھومتی ہے جو بالکل مختلف اقتصادی اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ طوالت کے باوجود کہانی نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ ڈرامہ نقاد دانیال مغل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ڈرامے کے اعداد وشمار شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ خدا اور محبت پاکستان کی تاریخ کا پہلا ڈرامہ ہے جس نے مختصر وقت میں ایک ارب 20 کروڑ ناظرین کی توجہ حاصل کی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ڈرامے کے گانے نے یوٹیوب پر ارطغرل غازی کی اردو ڈبنگ کی پہلی قسط کے ناظرین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

راحت فتح علی خان اور نشور انور کا گایا ہوا ڈرامے کا گانا ’بول کفارہ‘ کے بعد یوٹیوب پر 100 ملین ویوز کو عبور کرنے والا پاکستان کا دوسرا او ایس ٹی بن گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر