گلوکار عاطف اسلم کی سنگ ماہ سے ڈراموں میں انٹری

نعمان اعجاز نے سنگ ماہ میں عاطف اسلم کی موجودگی کی تصدیق کردی۔

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم فلموں کے بعد اب ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ مشہور ڈرامہ سیریل سنگ مرمر کے سیکوئل سنگ ماہ میں عاطف اسلم ڈیبیو کریں گے۔

منفرد آواز کے مالک عاطف اسلم نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے پناہ شہرت رکھتے ہیں۔ 2003 میں جل بینڈ سے اپنے میوزک کیئریر کا آغاز کرنے والے عاطف اسلم نے 2011 میں معروف ہدایتکار شعیب منصور کی فلم بول میں ماہرہ خان کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

طویل عرصے بعد عاطف اسلم بڑے پردے کی بجائے اب چھوٹی اسکرین پر جلد نظر آئیں گے۔ سال 2016 کے مشہور ڈرامے سنگ مرمر کے سیکوئل سنگ ماہ میں عاطف اسلم ڈیبیو کریں گے۔

ہم ٹی وی کے ڈرامے سنگ مرمر میں اہم کردار نبھانے والے معروف اداکار نعمان اعجاز ڈرامے کے سیکوئل میں بھی دکھائی دیں گے۔ انہوں نے ہی ویڈیو پیغام کے ذریعے سنگ ماہ میں عاطف اسلم کی موجودگی کی تصدق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عاطف اسلم پہلی مرتبہ سجل علی کے مدمقابل

نعمان اعجاز نے بتایا کہ ان دنوں اسلام آباد میں سنگ ماہ کی شوٹنگ چل رہی ہے۔ اداکار نے مداحوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ جیسے آپ سب نے سنگ مرمرکو پسند کیا تھا انہیں یقین ہے کہ اسی طرح سنگ ماہ کو بھی پسند کیا جائے گا۔

سنگ ماہ کی دیگر کاسٹ میں ثانیہ سعید، سمیعہ ممتاز، کبریٰ خان، ہانیہ عامر، نعمان اعجاز اور ان کے صاحبزادے  زاویار شامل ہیں۔

Facebook Comments Box