اداکارہ حریم شاہ کا پی ٹی آئی سے لے کر صحافیوں کے دھرنے تک کا سفر

ماڈل اور ٹک ٹاکر اپنے سنسنی خیز بیانات اور متنازع ویڈیوز کی وجہ سے اکثر شہ سرخیوں کا حصہ بنی رہتی ہیں۔

پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے بھی صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے میں شرکت کی اور اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ اپنے بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سے شہ سرخیوں میں رہتی ہیں، ان کے بیانات کی زد میں اکثروپیشتر سیاسی شخصیات آتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ میں 10000 اسکول بند ہونے کا انکشاف

سوشل میڈیا پر سنسنی خیز خبروں کی وجہ شہرت رکھنے والی حریم شاہ نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا اور سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف اور ٹک ٹاکر کے درمیان یہ سیاسی رشتہ زیادہ دیر قائم نہیں رہا تھا کیونکہ انہوں نے بہت سے ممتاز شخصیات کے اپنی ویڈیوز لیک کرکے اپنے آپ کو تنازعات میں الجھا لیا تھا۔

 

بعدازاں حریم شاہ نے خود کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے جوڑ لیا تھا اور واضح طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اپنے پیار کا اظہار بھی کیا تھا ، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کی اس کوشش کو شہرت حاصل کرنے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا تھا۔

آج کل حریم شاہ میٹرو نیوز پر کام کر رہی ہیں، اور اسلام آباد میں صحافیوں کے دھرنے میں شریک ہو کر ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں کا حصہ بن گئی ہیں۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سب پی ایم ڈی اے کے خلاف صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ ہم حقوق کی جنگ لڑنے والی صحافی برادری کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایم ڈی اے بل کے خلاف گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جسے حزب اختلاف کی جماعتوں کی بھی حمایت حاصل رہی۔

متعلقہ تحاریر