حدیقہ کیانی اور بلال عباس کی شادی، ڈرامے کا ٹیزر جاری

ڈرامہ 'دوبارہ' میں سسرال کی لڑائیوں اور رومان پرور کہانیوں کے علاوہ نہایت منفرد موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے۔

معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی اور مقبول اداکار بلال عباس کے نئے ٹی وی ڈرامے کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔ دونوں اداکار ‘دوبارہ’ نامی ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

ٹیزر دیکھنے سے پتا چلتا ہے کہ بڑے عرصے بعد ایسا ڈرامہ فلمایا گیا ہے جس میں سسرال کی لڑائیوں اور رومان پرور کہانیوں کے علاوہ نہایت منفرد موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے۔

’دوبارہ‘ کی  کہانی حدیقہ کیانی کے کردار کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے شوہر کی وفات کے بعد ایک نوجوان لڑکے (بلال عباس) سے شادی کرتی ہے۔ حدیقہ کا ایک نوجوان بیٹا بھی ہے۔

روایتی رسم و رواج سے ہٹ کر شادی کرنے والے اس جوڑے پر خاندان والے تنقید بھی کررہے ہیں اور ان کی خوشیوں کے درمیان بڑی رکاوٹیں بھی ڈال رہے ہیں۔

بلال عباس کا خود سے بڑی عمر کی بیوہ خاتون (حدیقہ کیانی) سے شادی کرنے کے پیچھے بھی کچھ راز ہے، بلال کا ڈائیلاگ "ابتدائے عشق ہے، آگے آگے دیکھو ہوتا ہے کیا” بہت معنی خیز ہے جس سے بظاہر یہ معلوم ہورہا کہ وہ حدیقہ کو دھوکہ دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈرامہ سیریز “صلاح الدین ایوبی” کے لیے پاکستان میں ٹیلنٹ کی تلاش

‘دوبارہ’ کی کاسٹ میں سینئر اداکارہ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سکینہ سمو بھی شامل ہیں جبکہ دانش نواز ہدایت کار ہیں جن کا بلال عباس کے ساتھ یہ پہلا ڈرامہ ہے۔

ڈرامے کی کہانی مشہور ڈرامہ نگار ثروت نذیر نے لکھی ہے جن کا ڈرامہ ‘قیامت’ بھی چند مہینوں قبل بہت مقبول ہوا تھا۔ بلال عباس اور حدیقہ کیانی کا یہ ڈرامہ مومنہ درید پروڈکشن کے بینر تلے بنایا جا رہا ہے جو نجی چینل ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا تاہم اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا کہ یہ کب نشر ہوگا۔

متعلقہ تحاریر