آنجہانی اداکارہ پروین بابی کی زندگی پر ویب سیریز بنائی جائے گی

پروین بابی اپنے زمانے کی سب سے پسندیدہ اداکارہ تھیں،دیدہ زیب فیشن اور خوبصورتی کی وجہ سے نگاہوں کا مرکز بنی رہتی تھیں۔

معروف بالی ووڈ اداکارہ پروین بابی کی زندگی پر ویب سیریز بنائے جانے کا امکان، پروڈیوسر سنیحا رجانی نے اداکارہ پر لکھی گئی بائیوگرافی کے کاپی رائٹس حاصل کرلیے۔

پروین بابی اپنے زمانے کی سب سے پسندیدہ اداکارہ تھیں۔ اداکارہ اپنے دیدہ زیب فیشن اور خوبصورتی کی وجہ سے نگاہوں کا مرکز بنی رہتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

امیتابھ بچن کی نواسی جاوید جعفری کے بیٹے کی محبت میں مبتلا

 شائقین ان کے روپ کے دیوانے تھے اور انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے وقت کے دوران کچھ یادگار پرفارمنسز بھی دیں۔

پروین بابی کا 2005 میں انتقال ہوگیا جس نے سب کو حیران کردیا۔ اب ان کی زندگی پر ایک ویب سیریز بننے کے لیے تیار ہے۔

پروڈیوسر سنیحا رجانی نے پروین بابی پر لکھی گئی بائیوگرافی کے کاپی رائٹس کرشمہ اپادھئیے سے حاصل کر لیے ہیں۔

بائیوگرافی میں پروین کے بچپن، بالی ووڈ میں گزارے گئے ماہ و سال اور اس تمام عرصے کا ذکر ہے جس میں وہ لائم لائٹ سے دور رہیں۔ یہ ویب شو جلد ہی بنائے جانے کا امکان ہے۔

تخلیق کار فلم بنانے کے حوالے سے بھی سوچ رہے تھے لیکن ذرائع کے مطابق اتنا زیادہ مواد موجود ہے کہ اس کے ساتھ انصاف اسی صورت ممکن تھا کہ ایک تفصیلی سیریز بنائی جاتی۔

پروین بابی نے امیتابھ بچن کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا۔ پروین کی امیتابھ بچن سے گہری دوستی تھی اور وہ ان سے شادی کی خواہشمند تھیں۔

بھارتی میگزین فلم فیئر میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کے مطابق "مہیش بھٹ سمیت متعدد فلمسازوں نے پروین بابی کی زندگی کو مختلف انداز سے سمجھا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ اسکرین پر دلکش نظر آنے والی اداکارہ کو ٹھیک سے سمجھنے کی کوشش کریں، اس کی زندگی کی جدوجہد، اس کی شہرت اور پھر اکیلے پن کے ساتھ وہ کس طرح نبردآزما ہوئی، اسے سمجھیں”۔

آرٹیکل میں مزید کہا گیا کہ "پروین بابی کی فلمی صنعت میں آنے سے پہلے کیسی زندگی تھی کوئی نہیں جانتا اور یہاں تک کہ جب وہ پوری قوم کی محبوب ترین اداکارہ بن گئیں تب بھی اس کو کوئی نہیں جانتا تھا۔ وہ خود سے کئی محاذوں پر لڑرہی تھی”۔

متعلقہ تحاریر