عمر شریف کی حالت خراب، امریکہ روانگی پھر رہ گئی

سندھ حکومت کی طرف سے چارکروڑ روپے جاری ہونے کے باوجود سفر میں تاخیر وفاق کی کوششوں پر سوالیہ نشان ہے

برصغیر میں کامیڈی کے بادشاہ عمرشریف کی حالت ایک بارپھر تشویشناک ہوگئی جس کے باعث ان کے علاج کیلئے امریکہ روانگی مزید 2 دن کے لیے مؤخرکردی گئی ہے۔

امریکہ میں اداکارعمرشریف کے علاج معالجے کی تمام انتظامات کرنے والے ماہر امراض قلب اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹرطارق شہاب  نے بتایا کہ گذشتہ روز اداکار کے ڈائیلیسز کے دوران بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا تھا جس کے باعث انھیں فوری طورپر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل  کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ عمرشریف علاج کے لیے امریکا کا طویل سفر کرنے کے قابل نہیں، ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، 48 گھنٹے کے دوران عمر شریف کی طبیعت دیکھنے کے بعد روانگی کا فیصلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

عمر شریف اور اہلخانہ کو علاج کے لیے امریکہ کے ویزے جاری

واضح رہے کہ  کامیڈی کے بادشاہ کو امریکہ لے جانے کیلئے ایئرایمبولینس گذشتہ رات 11 بجے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچ گئی تاہم طبیعت  طویل سفر کے قابل نا ہونے کے باعث  سفر کو دو دن مؤخر کردیا گیا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے تشویشناک صورتحال میں مبتلا اداکارعمر شریف کے علاج کے لئے  چار کروڑ روپے جاری کئےجانے کےایک ہفتے سے زائد ہونے کے باجود پاکستانی حکام عمر شریف کے تاحال علاج کے لئے امریکہ بھیجنے میں کیوں نا کام ہیں  یہ ایک سوالیہ نشان ہے ۔

Facebook Comments Box