عمر شریف علاج کے لیے امریکا روانہ، قوم سے دعاؤں کی اپیل
امریکا روانگی سے قبل ایئر ایمبولنس کے ڈاکٹرز نے عمر شریف کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹر طارق شہاب علاج کریں گے۔
پاکستان کے لیجنڈ اداکار عمر شریف ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوگئے، ڈاکٹرز کے مطابق ایک ہفتہ نہایت اہم ہے۔
امریکا روانگی سے قبل ایئر ایمبولنس کے ڈاکٹرز نے عمر شریف کا طبی معائنہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایئر ایمبولنس معروف اداکار کو لے کر امریکا کے لیے محوِ پرواز ہے۔
عمر شریف نجی اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ کے شاہین گیٹ سے ہوتے ہوئے ایئرایمبولینس جہاز تک پہنچے۔ ان کی اہلیہ زریں غزل بھی ائیرایمبولینس میں ساتھ گئی ہیں جبکہ دیگر فیملی کے تین دیگر افراد کمرشل پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔
ان کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری سفری کارروائی مکمل کی گئی تھی، سی اے اے کی جانب سے ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے انتظامات مکمل کئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
عمر شریف اور اہلخانہ کو علاج کے لیے امریکہ کے ویزے جاری
خیال رہے اداکارعمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق وہ دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔
کچھ دن قبل اداکار کے اہلخانہ نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے کا انتظام کیا جائے۔
وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی کوششوں سے ایئرایمبولنس گزشتہ روز کراچی پہنچی تھی۔
امریکا میں مقیم سابق پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب عمر شریف کا علاج کریں گے۔