شوبز ستارے بھی "تبدیلی” پر تنقید کرنے لگے

وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں  10 روپے 49 پیسے اضافے کے بعد اب فلمی دنیا کےستارے بھی تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرنےلگے ہیں۔

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب کُھل کر گھبرا لینا چاہیے، مشی خان کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں ہر 15روز کے بعد بڑھ رہی ہیں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بھی آسمان پرپہنچ گئی ہیں،  اعجاز اسلم کہتے ہیں کہ تبدیلی زوروں پر ہے۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی پر ردّعمل دیتے ہوئے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے  سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے لیے ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’وہ چاہتا تو 20 روپے بڑھا سکتا تھا، مگر قوم کی خاطر صرف 10 روپے 49 پیسے بڑھائے، یہ ہوتا ہے لیڈر۔‘

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی عمران خان کے لیے سونامی ثابت ہوگی

وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی بڑھنے کی وجوہات بتا دیں

ایک صارف کی جانب سے ٹوئٹ پر پوچھا گیا کہ’کیا سر! اب ہم تھوڑا سا گھبرا لیں؟‘جس پر  فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’تھوڑا نہیں، اب کُھل کر گھبرائیں۔

اداکار ہ مشی خان نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والے اضافے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں ہر 15روز کے بعد بڑھ رہی ہے جس کے باعث اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بھی آسمان پرپہنچ گئی ہیں حکومت کی طرف سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلئے کوئی ریگولیٹری باڈی نہیں ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ    مقررکردہ  قیمتوں پر خریدوفروخت کی جارہی ہے ، ہر شخص اپنی مرضی کےمطابق اشیاء فروخت کررہا ہے۔

انھوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر  ان لوگوں کو نشانہ بنایا جو حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ قیمتیں پوری دنیا میں بڑھ رہی ہیں   اس لئے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھ رہی ہیں  ، انھوں نے کہا کہ آپ کو شائد کوئی فرق نہیں پڑتا ہوگا لیکن مجھ سمیت عام پاکستانیوں کو بہت فرق پڑ رہا ہے ۔

انھوں نے حکومت پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ حکومت کو اب اس بات کا نوٹس لینا چاہئے  کہ وہ لوگ جو دو وقت کا مشکل سے  کھاتے تھے اب ان کو ایک وقت کا بھی  نصیب نہیں ہورہا ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت نے اگر اس پر فوری توجہ نہیں دی تو اس سے ملک میں کرائم کے ساتھ ساتھ کرپشن میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگا۔

شوبزکے معروف اداکار اعجاز اسلم نے بھی مہنگائی پر اپنے ردعمل  کےلئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ  پیٹرول ، ڈالر اور پاؤنڈ کے درمیان دوڑ جاری ہے ، پٹرول ڈالر پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور ڈالر پاؤنڈ سے ملنے کے لیے دوڑ رہا ہے، تبدیلی اپنے زوروں پر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔

متعلقہ تحاریر