جشنِ میلاد النبی ﷺ: گلوکار ابرار الحق  نے نعت رسول مقبول جاری کردی

ابرارالحق نے لکھا کہ یہ ان کی طرف سے رسول اللّٰہﷺ کے حضور چھوٹا سا تحفہ ہے، نعت میں ان کے ہمراہ پیر معاذ عبدالغفور اور رضوان سلطانی نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا

جشنِ میلاد النبی ﷺکے خصوصی دن کی مناسبت سے حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما اور معروف  گلوکار ابرار الحق نے سرورکائنات  خاتم النبیّین حضرت محمد مصطفیٰ  ﷺ  کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی نئی نعت ’ہو ادھر بھی نظرِ کرم یا رسول اللّٰہﷺ‘ اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردی۔

مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں ابرارالحق نے لکھا کہ یہ ان کی طرف سے رسول اللّٰہﷺ کے حضور چھوٹا سے تحفہ ہے، نعت میں ان کے ہمراہ پیر معاذ عبدالغفور اور رضوان سلطانی نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا، ابرار الحق  کی نعت کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیاگیا ہزاروں صارفین نے اس کو لائک اور ری ٹوئٹ کیا ۔

یہ بھی پڑھیے

زرنش خان ابرار الحق کی حمایت میں سامنے آگئیں

ابرار الحق اور ایک مصور کا محمد علی سدپارہ کو خراج تحسین

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان آبادہیں وہاں  گذشتہ روز جشن میلاد النبی ﷺ پوری عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، رحمت للعالمین ﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں، شاہراہوں کو سبز پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیا سے دلہن کی طرح سجایا گیا۔میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں حکومتی اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور لوگوں نے جلسے جلوس، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز، سیمنار سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جس میں علما، آئمہ حضرات مساجد میں سیرت النبی ﷺ اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی گئی ۔

متعلقہ تحاریر