ایک اور عہد تمام ، اداکار سہیل اصغر بھی جہان فانی سے رخصت ہوگئے
سہیل اصغر گذشتہ ڈیڑھ سال سے علیل تھے، پہلے ان کا معدے کی سرجری ہوئی جس کے باعث طبی پیچیدگیاں بڑھ گئی تھیں
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سہیل اصغر طویل علالت کےبعد لاہور کے اسپتال میں انتقال کرگئے ، سہیل اصغر کی بڑی آنت کا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد وہ سنبھل نہیں سکے۔
سہیل اصغر کی اہلیہ نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے شوہر گذشتہ ڈیڑھ سال سے علیل تھے ، پہلے ان کا معدے کی سرجری ہوئی جس کے باعث طبی پیچیدگیاں بڑھ گئی، ایک ہفتہ قبل ان کی بڑی آنت میں انفیکشن ہوا ، بڑی آنت کے آپریشن کے بعد ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی اور آج صبح ساڑھے گیارہ بجے لاہور کے اسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین عمرشریف انتقال کرگئے
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے، قوم سوگوار
واضح رہے کہ سہیل اصغر نے اس سے قبل معدے کے آپریشن کی خبر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کےلئے دعاکی اپیل کی تھی ، سہیل اصغر نے اپنے مداحوں، دوستوں اور اہلِ خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ ہمیشہ میرے ساتھ ہے اور میں خداتعالیٰ کی جانب سے معجزوں پر پختہ یقین رکھتا ہوں۔‘ اداکار نے لکھا کہ ’آج مجھے آپ سب کی دُعاؤں کی بہت ضرورت ہے کیونکہ کل میرے معدے کی سرجری ہے۔‘
واضح رہے کہ لاہور سے اپنے کریئر کا آغازکرنے والے سہیل اصغر پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی کے سنیئر ترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے اُنہوں نے لاہور میں مزاحیہ اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جو ان کی شہرت کی بنیاد بنے اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں خدا کی بستی، لاگ ، کاجل گھر، حویلی، دکھ سکھ ،ریزہ ریزہ، چاند گرہن اور پیاس سمیت دیگر کئی معروف ڈرامے شامل ہیں۔