بھارتیوں نے پاکستانی ڈرامہ ”میرے پاس تم ہو“ کا چربہ ”کامنا“ بنالیا
بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی اس دو نمبری پر ناظرین بھی چیخ اٹھے،سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید
بھارتی ڈرامہ انڈسٹری نے پاکستان کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کا چربا ” کامنا“ تیار کرلیا۔ بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی اس دو نمبری پر بھارتی ناظرین بھی چیخ اٹھے۔
لگتا ہے بھارتی ڈرامہ انڈسٹری میں تخلیقی ذہن رکھنے والوں کا کال پڑ گیا ہے جبھی تو ایک کے بعد ایک پاکستانی ڈرامے کی کہانی چوری کرکے بھارتی ڈرامے بنائے جارہے ہیں۔ دھوپ کنارے،تنہائیاں ،ہم سفر سمیت لاتعداد پاکستانی ڈراموں کی کہانی نقل کرنے کے بعد اب بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے کرتا دھرتاؤں نے مقبول ترین پاکستانی ڈرامے ”میرے پاس تم ہو“ کی بھی ہو بہو نقل تیار کرلی۔
یہ بھی پڑھیے
سابق امام کعبہ شیخ عادل الکلبانی اداکار بن گئے
پراپرٹی ڈیل میں دھوکہ ہوا، 70 فیصد آمدنی کھو بیٹھا، سیف علی خان
View this post on Instagram
سونی انٹرٹینمنٹ پر شروع ہونے والے نئے ڈرامہ سیریل”کامنا“کا پہلا ٹیزر جاری ہوتے ہی بھارتی ناظرین نے کہانی کار کی چوری کو پکڑ لیا اور اب سوشل میڈیا پر ڈرامے کے لکھاری،پیش کار اور ہدایت کار کی خوب کلاس لی جارہی ہے۔بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے ڈرامے کی کہانی کو پاکستانی ڈرامے کی ہو بہو نقل قرار دے دیا۔ایک دل جلے صارف نے تو مشورہ بھی دے ڈالا کہ ڈرامے کا نام بھی میرے پاس تم ہو ہی رکھ لیتے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ڈرامہ سیریل”میرے پاس تم ہو“ اے آر وائی انٹرٹینمنٹ پر نشر ہواتھا جس نے مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے تھے ۔ڈرامے میں اداکارہ عائزہ خان نے مہوش،اداکار ہمایوں سعید نے دانش اور اداکار عدنان صدیقی نے شہوار احمد کا کردار ادا کیا تھا۔ان تینوں کی اداکاری کو مداحوں نے خوب سراہاتھا۔
گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ڈرامے کے او ایس ٹی نے بھی مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیےتھے۔اس گانے کو یوٹیوب پر اب 10 کروڑ 70 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔