عثمان مختار کی بطور ہدایت کار پہلی شارٹ فلم بینچ ریلیز
12منٹ دورانیے کی فلم یوٹیوب پر ریلیز کی گئی۔رابعہ چوہدری اور عثمان مختار کو آخری مرتبہ ملنے والے میاں بیوی کے طور پر دکھایا گیا ہے
ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار عثمان مختار نے بطور ہدایت کار اپنی پہلی مختصر دورانیے کی فلم بینچ یوٹیوب پر ریلیز کردی۔
علی مراد کی تحریر کردہ 12 منٹ دورانیے کی فلم میں اداکار عثمان مختار اور اداکارہ ربیعہ چوہدری کو ایسے نوجوان جوڑے کے طور پر دکھاگیا ہے جو اپنے تعلقات کے دوراہے پر ہیں ۔فلم کی ابتدا ڈرون شارٹ سے ہوتی ہے جس میں کسی بڑے پارک کے سبزے کو دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عثمان مختار کے ہراسگی الزام پر سوالیہ نشان
مہروز وسیم عثمان مختار کے ہراسگی الزام پر سامنے آگئیں
دوسرے منظر میں اسی پارک کی راہ گزر نظر آتی ہے جس پر شوہر کا کردار اداکرنے والے عثمان مختار کو بینچ کی جانب بڑھتے دکھایا گیا ہے۔جس پر بیوی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ربیعہ چوہدری کو بیٹھے دکھایا گیا ہے۔دونوں طویل عرصے بعد اپنے تعلقات کو انجام تک پہنچانے کیلیے آخری مرتبہ ملتے ہیں۔
میاں بیوی کیلیے ایک دوسرے کو چھوڑنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا کہ ساتھ رہنا۔ وہ اپنے تنازعات کو حل کرنے کے لیے اپنے پسندیدہ مقام اس بینچ کا انتخاب کرتے ہیں جہاں انہوں نے ایک دوسرے کو شادی کیلیے پسندکیا تھا اور جہاں بیٹھ کر انہوں نے اپنے گھر کی لیز کے کاغذات پر دستخط کیے تھےاوراب اسی بینچ پر عثمان مختار طلاق کے کاغذات پر دستخط کرتے ہیں ۔ دونوں اداکاروں نے محبت پانے اور کھونے کی اس جذباتی اور انتہائی حقیقی کہانی میں اپنے کام سے بھرپور انصاف کیا ہے۔
رابندرناتھ ٹیگور کی شاعری پر مشتمل موسیقی شارٹ فلم کی خاص بات ہے۔فلم کا آغاز اور اختتام نتاشا حمیرا اعجاز کے گائے ہوئے دو گانوں سے ہوا ہے۔ یاد رہے شارٹ فلم بینچ کو کانز انٹرنیشنل انڈیپنڈنٹ فلم فیسٹیول کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔