جمائمہ گولڈاسمتھ کی فلم ریلیز کیلیے تیار

فلم میں سجل علی اور شبانہ اعظمی بھی کردار ادا کریں گی، راحت فتح علی خان نے دو گانے گائے ہیں۔

ٹیرین وائٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی والدہ جمائمہ خان کی بنائی گئی پہلی فلم What’s love got to do with it سے ایک تصویر شیئر کی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ اس کے ریلیز ہونے کا انتظار نہیں ہو رہا، جمائمہ خان سے بے حد متاثر ہوں جنہوں نے کئی سال انتھک محنت سے اس کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا۔

اس رومینٹک کامیڈی فلم کے ڈائریکٹر شیکھر کپور ہیں جبکہ مرکزی کردار للی جیمز اور شہزاد لطیف نے ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سنسنی خیز فلم جاوید اقبال کا ٹریلر جاری،فلم رواں ماہ ریلیز ہوگی

سقوط ڈھاکہ پر جاوید جبار کی دستاویزی فلم 16 دسمبر کو ریلیز ہوگی

کاسٹ میں آسکر ایوارڈ یافتہ ایما تھامپسن، پاکستانی اداکارہ سجل علی، بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، مریم حق، سندھو وی اور دیگر بھی شامل ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک دستاویزی فلم بنانے والی لڑکی زوئی شادی کی متمنی ہے لیکن اس کو صرف برے رشتے ہی ملتے ہیں۔

دوسری طرف اس کے بچپن کے دوست اور پڑوسی کاظم نے اپنے والدین کی طرح ارینجڈ میرج کرنی ہے اور ایک خوبصورت پاکستانی دلہن کو گھر لانا ہے۔

راحت فتح علی خان نے اس فلم کے لیے دو گانے ریکارڈ کروائے ہیں اور وہ فلم میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔

اسٹوڈیو کینال کی جانب سے یہ فلم برطانیہ کے سینماز میں اگلے سال ریلیز کی جائے گی جبکہ فرانس، جرمنی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی فلم ریلیز ہوگی۔

متعلقہ تحاریر