بھارتی خاتون نے ‘میرے پاس تم ہو’ کی تعریف میں کالم لکھ دیا

سشمیتا بوسے نے الخلیج ٹائمز میں لکھا کہ چند دنوں میں پورا ڈرامہ دیکھ لیا، اردو زبان کے بہترین مکالموں نے ڈرامے کو دلچسپ بنایا۔

امارات کے اخبار الخلیج ٹائمز میں ایک بھارتی خاتون سشمیتا بوسے نے پاکستان کے مشہور ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو پر پورا کالم لکھ ڈالا۔

انہوں نے لکھا کہ پچھلے ہفتے میں نے پاکستانی ٹی وی سیریل میرے پاس تم ہو دیکھا، یہ 2019 میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر 17 اگست سے 25 جنوری 2020 تک ہفتہ وار نشر ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

طویل انتظار ختم، ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ نشر ہونےکو تیار

ڈرامہ سیریل پری زاد نے مقبولیت کے سارے ریکارڈز توڑ دئیے

سشمیتا نے کہا کہ یہ ڈرامہ اتنا زبردسٹ ہٹ ہوا کہ اس کی آخری قسط تھیٹرز اور سینماز میں دکھائی گئی۔

انہوں نے نہایت دلچسپ بات بتائی کہ اس ڈرامے کو دیکھنے کے لیے انہیں ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے تجویز پیش کی تھی۔

سشمیتا کہتی ہیں کہ ‘میرے پاس تم ہو’ کو دیکھنے کی تجویز ملتے ہی انہوں نے اسے یوٹیوب پر دیکھنا شروع کردیا، صرف سونے اور کھانے کے لیے وقفے لیا کرتی تھی لیکن سونے کے دوران مجھے خواب میں بھی میرے پاس تم ہو کے مناظر نظر آتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے پاس تم ہو کو پلک جھپکائے بغیر دیکھتے رہنے کی وجہ یہ ہے کہ کہ ڈرامے کی کہانی بہت عمدہ ہے، ڈرامائی انداز میں پلاٹ تبدیل ہوتا ہے اور اردو زبان کے بہترین مکالمے سننے میں بہت لطیف احساس ہوتا ہے جو کہ شاید ہندی سننے میں بھی نہ ہو، محاوروں اور ضرب المثال کا محتاط استعمال اتنا خوبصورت ہے کہ لڑائی جھگڑا بھی بہت مہذب معلوم ہوتا ہے۔

سشمیتا نے لکھا کہ جب میں قسط نمبر 7 تک پہنچی تو میں نے امریکہ میں مقیم اپنی پاکستانی دوست کو بتایا کہ مجھے یہ ڈرامہ سیریل دیکھنے میں کتنا مزا آرہا ہے لیکن میری دوست بہت زور سے ہنسی، اس نے کہا کیا واقعی؟

میری دوست نے کہا کہ پاکستان میں خاص طور پر فیمنسٹ نے اس ڈرامے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا کیونکہ اس میں پرانی معاشرتی اقدار دکھائی گئی ہیں اور انہوں نے تو اس کا بائیکاٹ بھی کیا۔

سشمیتا بوسے کا کہنا ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط کی ویڈیو پر یوٹیوب میں قریب قریب 8 ہزار کمنٹس تھے جن میں بہت سے کمنٹس بھارتی شہریوں کے بھی تھے۔

ان کمنٹس میں بھارتیوں نے اس ڈرامے کے لیے بے انتہا پسندیدگی کا اظہار کیا اور کئی نے کہا کہ ہم یہ ڈرامہ دیکھ دیکھ کر روتے رہے۔

متعلقہ تحاریر