ثنا فخر نے 70ccبائیک سے ہارلی ڈیوڈسن تک کا سفرکیسےطے کیا؟

بائیک چلانا آج کی عورت کی ضرورت ہے، اس سے سفر آسان ہوجاتا ہے،والدین لڑکیوں کو سپورٹ کریں،تنقید سے انکے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے، اداکارہ

اداکارہ ثنا فخر اداکاری،رقص اور ایکسرسائز کے ساتھ ساتھ بائیک چلانے کی  بھی ماہر نکلیں۔ اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں 70سی سی بائیک سے ہارلی ڈیوڈسن تک کے سفر کی روداد بیان کردی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ  اس معاشرے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں لڑکی کو بوجھ تصورکیا جاتا ہے ،ان کا تعلق ملتان سے ہے جہاں اکثریت قدامت پسند ہے اور وہاں عورت کے بائیک چلانے کا  کوئی تصور بھی نہیں ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ ثنا فخر کا اداکارہ مہوش حیات کے حوالے سے بہت بڑا دعویٰ

جادوئی حسن والی ثنا فخر کی نئی فلم جلد ریلیز ہوگی

انہوں نے کہا کہ جب بھی میں اپنے کزنز کو بائیک چلاتے دیکھتی تو دل میں اشتیاق پیدا ہوتا تھا اور میں یہ سوچتی تھی کہ اگر یہ ہنر مجھے آگیاتو میں لڑکوں کی طرح ہوجاؤں گی۔

اداکارہ نے 11سال کی عمر میں پہلی مرتبہ اپنے بائیک چلانے کی داستان بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد دوپہر کوآرام کرتے تھے  اور 2گھنٹے بعد اٹھتے تھے،انہوں  نے ٹائم نوٹ کررکھا تھاکہ جیسے ہی والد سوئے انہوں نے ان کی جیب سے چابی نکالی اور اپنے چھوٹے بھائی کے  کپڑے پہننے  کے بعد سر پر والد کا صافا لپیٹا اور بھائی کو پیچھے بٹھالیا تاکہ ایسا محسوس ہو کہ کوئی آدمی جارہا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ  انہیں بائیک چلانی نہیں آتی تھی صرف بریک لگانا آتا تھا،انہوں نے بائیک چلانا شروع کی تو پہلے گیئر میں بہت آگے تک چلی گئیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ بائیک کیسے موڑنی ہے۔ایک کھلی جگہ انہوں نے بائیک موڑنے کی کوشش کی تو سامنے ناکہ لگاہوا تھا جسے وہ دیکھ نہیں سکیں جس پر پولیس والوں نے انہیں لڑکا سمجھ کر روک لیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ پولیس والوں نے ان  سے پوچھ گچھ شروع کی تو راز فاش ہونے کے ڈر سے وہ  خاموش رہیں جس پر پولیس والوں نے ڈانٹا تو وہ  رونا شروع ہوگئیں جس پر ان اہلکاروں اندازہ ہوا کہ یہ تو لڑکی ہے جس پر وہ حیران بھی ہوئے بعدازاں انہوں نے  بائیک گھماکر دی اور وہ گھر گئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے والدہ کو سارا واقعہ بتایا لیکن ان کے کزن نےان کے والد کو شکایت کردی جس پر والد نے کہا کہ اسے سمجھاؤ کبھی کسی لڑکی کو بائیک چلاتے دیکھا ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنے والد کی بائیک پہلے گیئر میں چلاتی رہتی تھی جس پر وہ بہت ڈانٹتے تھے۔اداکار ہ نے بتایا کہ انہیں خاندان کی طرف سے اس قدر مخالفت کاسامنا کرنا پڑا کہ انہوں نے بائیک چلانا ہی چھوڑ دی۔

Sana fakhar on bike, ثنا فخر

اداکارہ نے بتایا کہ اداکاری شروع کرنے کے بعد فلم  گھر کب آؤگے میں ہدایت کار نے انہیں ایک منظر کیلیے بائیک چلانے کا کہا تو وہ خوشی سے بیہوش ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نےا یک ہفتے 600سی سی ہیوی بائیک چلانے کی تربیت لی اور پھر منظر عکس بند کروایا۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ عام موٹرسائیکل سے کبھی نہیں گریں مگر سپر بائیک چلاتے ہوئے ایک مرتبہ اسپیڈ بریکر پر گرچکی ہیں تاہم کوئی بڑی چوٹ نہیں آئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ہارلی ڈیوڈ سن حال ہی میں چلانا شروع کی ہےگوکہ ہمیشہ سے انہیں ہارلی چلانے کا شوق تھا لیکن مالی طور پر خودمختار نہ ہونے کے باعث وہ  کبھی اپنا شوق پورا نہیں کرسکیں مگر جب ان کے پاس اتنے پیسے آئے کہ وہ ہارلی ڈیودسن خرید سکیں تو ان کے شوہر نے انہیں سپر بائیک گفٹ کردی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہارلی 883سے ابتدا کی اور  ایک سال چلائی۔ایک سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بائیک پر کبھی لمبا سفر نہیں کیا کیونکہ وہ یہاں کے ماحول کو خواتین دوست نہیں سمجھتیں۔

Sana fakhar on bike, ثنا فخر

اداکارہ نے کہا کہ خاتون ٹک ٹاکر ز کو پروموٹ کیا جاتا ہے لیکن لڑکی  بائیک چلائے تو اس کوغلط کہا جاتا ہے، انہیں سمجھ نہیں آتا کہ یہ امتیازی سلوک کیوں ہے، بائیک چلانا آج کی عورت کی ضرورت ہے، اس سے سفر آسان ہوجاتا ہے،ہمارے معاشرے میں فیملی کو آگے بڑھانے میں عورت کا زیادہ کردار  ہے،بائیک پر لڑکی اسکول ،کالج جاسکتی ہے لیکن تنقید سے اسکے اعتماد کو ٹھیس پہنچتا ہے۔

Sana fakhar on bike, ثنا فخر

اداکارہ ثنا فخر نے  بائیک چلانے والی لڑکیوں کے والدین سے اپیل کی  انہیں سپورٹ کریں،ان کے ساتھ کھڑے ہوجائیں ، انکی حوصلہ افزائی کریں،گرجائیں تو ان کا مذاق نہیں اڑائیں۔ادکارہ کے مطابق انہوں نے بہت مرتبہ دیکھا ہے کہ لڑکی سے بائیک بند ہوجائے تو آدمی خوب مذاق اڑاتے ہیں، مڑ مڑ کر ہنسنا شروع ہوجاتے ہیں، آدمی سے بھی تو بائیک بند ہوسکتی ہے،ان چیزوں کو ختم کرنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر