حریم شاہ نے اکاؤنٹس منجمد کرنے پر منی لانڈرنگ کے ثبوت مانگ لیے

خطروں کی کھلاڑی ہوں، ڈرنے والی نہیں،شہزاد اکبرکے خط کو کسی برطانوی ادارے نے اہمیت نہیں دی ،ان کے چیلے میرے پیچھے پڑے ہیں،ٹک ٹاکر

ٹک ٹاکر حریم شاہ نے اپنے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے پہلے ایف آئی اے سے منی لانڈرنگ کے ثبوت مانگ لیے۔کہتی ہیں اگر  میرے اکاؤئنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔

حریم شاہ کہتی ہیں خطروں کی کھلاڑی ہوں، ڈرنے والی نہیں،شہزاد اکبرکے خط کو کسی برطانوی ادارے نے اہمیت نہیں دی، پاکستان جاکر ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں۔

یہ بھی پڑھیے
اداروں کو چیلنج حریم شاہ کو مہنگا پڑگیا، ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

شہزاد اکبر میرے بجائے نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں، حریم شاہ

لندن میں موجود ٹک ٹاکر نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی اور اپنی غلطی بھی تسلیم کرتی ہوں، ایف آئی اے کو مجھ سے پتہ نہیں کیا ذاتی خلش ہے، ایف آئی اے کو کیا حق ہے کہ ان کی ذاتی دستاویزات میڈیا کو دے، اگر میرےاکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔

حریم شاہ نے کہا کہ میں خطروں کی کھلاڑی ہوں، خائف ہونے والی نہیں، میری تمام آمدنی قانونی اور ریکارڈ شفاف ہے، ہمارے اداروں کا کام ہماری حفاظت کرنا ہے نہ کہ تنگ کرنا۔

ٹک ٹاکر نے مزید کہا کہ میرا کسی اور کے نام پر بھی کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، شہزاد اکبر نے اپنی بےعزتی خود کرائی، ان کے مجھ سے متعلق خط کو یہاں کسی ادارے نے کوئی اہمیت نہیں دی، شہزاد اکبر کے چیلے اب بھی میرا میڈیا ٹرائل کرنا چاہتے ہیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میں لندن میں انجوائے کر رہی ہوں، کسی برطانوی ادارے نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، میرے تمام دعوے ثبوتوں کے ساتھ ہوتے ہیں، الزام لگانے والوں کا مقصد صرف میری کردار کشی ہے۔

متعلقہ تحاریر