بھارتی گلوکار و موسیقار بپی لہری 69 برس کی عمر میں چل بسے

معروف بھارتی گلوکار و موسیقار بپی لہری 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ نظام تنفس میں رکاوٹ گلوکار کی موت کی وجہ بنی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بپی لہری کا انتقال بھارت کے  کریٹی کیئر اسپتال میں گزشتہ رات ہوا۔انہیں ایک ماہ قبل  صحت کے مختلف مسائل کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم 2 روز قبل انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

لتا منگیشکر نے شادی کیوں نہیں کی؟

علی ظفر اور سجاد علی کا انجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت

گزشتہ روز طبیعت بگڑنے کے باعث پہلے ڈاکٹر کو گھر پر بلایا گیااور پھر انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔کریٹی کیئر اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق بپی لہری کو جب اسپتال لایاگیاتوان کابلڈپریشرکم تھا اور ان کی نبض بھی ڈوبی ہوئی تھی۔

گلوکار کا علاج کرنے والے  ڈاکٹردیپک نمجوشی کا کہنا ہے کہ بپی لہری کی طبیعت بحال کرنےکی کوشش کی گئی لیکن بہت دیر ہوچکی تھی۔ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ بپی لہری کی موت obstructive sleep apnea   (نیند کے دوران سانس رکنے کی بیماری) کی وجہ سے ہوئی ہے۔

بپی لہری کےانتقال پربھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں  نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بپی لہری کی موسیقی ہمہ جہت تھی اور خوبصورتی سے متنوع جذبات کا اظہار کرتی تھی۔نسل در نسل لوگ ان کے کام سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ ان کی زندہ دل طبیعت کو ہرکوئی یاد کرے گا ۔ ان کے انتقال  پر افسردہ ہوں اور انکے اہلخانہ اورمداحوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

بھارتی گلوکار و موسیقار بپی لہری انتہاپسند حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سپورٹر تھے ، 2014 میں انہوں نے بی جے پی  کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ بھی لیا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

Bappi lahiri, بھارتی گلوکار بپی لہری

بپی لہری کو بالی وڈ کا راک اسٹار کہا جاتا تھا اور انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو کئی نامور گانے فراہم کیے۔بپی لہری نے 1970 اور  80 کے  اواخر میں  بھارت کی مشہور فلموں چلتے چلتے ، ڈسکو ڈانسر اور شرابی کے لیے گانے گائے  انہوں نے اپنا آخری گانا”بھنکاس“ 2020 کی فلم”باغی تھری“ کے لیے تیار کیا تھا۔سونے کی زنجیروں  اور سن گلاسز کو گلوکاراورموسیقارکا ٹریڈ مارک سمجھا جاتا تھا۔بپی لہری  طلائی زنجیروں کو اپنے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے تھے ۔

اداکاراکشے کمار اور اجے دیوگن سمیت بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے بپی لہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر