بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو پر بنی فلم ”ڈھائی چال“کا ٹریلر جاری

فلم بینوں کا انتظار تمام ہوا ۔ شمعون عباسی اور عائشہ عمر کی سنسنی خیز مناظر سے بھرپور فلم”ڈھائی چال “ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا.
فلم بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادو پر مبنی ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
نعمان اعجاز اور صبا قمر کی ویب سیریز ‘مسٹر اینڈ مسز شمیم’11مارچ کو ریلیز ہوگی
شہزاد رائے کا نغمہ، علامہ اقبال ، سر سید احمد اور دیگر سوشل میڈیا یوزر بن گئے
فلم ڈھائی چال کی عکس بندی تین سال قبل 2019 میں شروع ہوئی تھی اور فلم کو 2020 کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کیے جانے کا امکان تھا تاہم مسلسل تاخیر کے بعد اب فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے اور عندیہ دیا گیا ہے کہ فلم کو جون 2022 میں ریلیز کردیا جائے گا۔
فرحین چوہدری کی تحریر کردہ کہانی کو ہدایت کا رتیمور شیرازی نے فلم کی شکل دی ہے جبکہ یہ فلم ڈاکٹر عرفان اشرف کی پیشکش ہے۔فلم کی کاسٹ میں ہمایوں اشرف،عائشہ عمر، شمعون عباسی،عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، اریج چوہدری اور رشید ناز سمیت دیگر اداکارشامل ہیں۔
فلم کے 2منٹ47 سیکنڈ پر مشتمل ٹریلر میں بھارتی ایجنسی را کو اکھنڈ بھارت کے منصوبے کو عملی جامہ پہناتے اورپاکستان کیخلاف سازشوں کا جال بنتے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر سے یہ واضح ہوتا ہے کہ فلم کا مقصد پاکستان میں بھارتی ریاست کی قیادت میں ہونے والی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا ہے اور کس طرح بھارت من گھڑت طریقے سے پاکستان کی ساکھ کو خراب کر رہا ہے اور اپنی ہی سرزمین پر حملے کروارہا ہے۔
ٹریلر میں شمعون عباسی کلبھوشن یادو اور عائشہ عمر نیوز رپورٹر کے کردار میں نظر آرہے ہیں۔فلم کے ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا ہے کہ اسے 17 جون تک سینما گھروں میں ریلیز کردیا جائے گا۔









