فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی تشہیر نہ کرنے پر صنم سعید سینما انتظامیہ سے ناخوش

انہیں راشد منہاس روڈ پر سینما کے قریب اپنی فلم کے پوسٹر نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی

پاکستانی فلموں کو سینما گھروں میں نظرانداز کیے جانے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نیوپلیکس سینما میں  ان کی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘کا کوئی بھی پوسٹر نہیں لگایا گیا ’پاکستانی فلموں کو سینما گھروں کی حمایت کی ضرورت ہے‘۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف  اداکارہ  صنم سعید نے سماجی رابطوں کی   ویب سائٹ ٹوئٹر پر  حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی کامیڈی رومانٹک ایکشن فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی سینما انتظامیہ کی جانب سے تشہیر نہ کیے جانے اور  سینما گھروں میں نظرانداز کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ’نیو پلیکس‘ سینما انتظامیہ کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں راشد منہاس روڈ پر سینما کے قریب اپنی فلم کے پوسٹر نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔ پاکستانی فلموں کو سینما گھروں کی حمایت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حرا مانی نے بھی فلم ’عشرت:میڈ ان چائنا‘کا ٹیزرشیئر کردیا

صنم سعید اور محب مرزا کی شادی ہوگئی؟

انھوں نےفلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو سپر ہیرو فلم بھی قراردیتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی شائقین ہمیشہ سے ہی سپر ہیرو پر بننے والی فلمیں دیکھنے آتے ہیں اس لئے سینما انتظامیہ ان کی فلم کی تشہیر کرے اور سینما کے ارد گرد بڑے بڑے بل بورڈز اور پوسٹر آویزاں کرکے لوگوں کو بتایا جائے کہ ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سینماؤں میں دکھائی جا رہی ہے۔

حسن رضا فردوسی کی لکھی گئی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے  فلم میں محب مرزا نے جہاں کلیدی کردار ادا کیا وہیں انھوں نے اس  پروجیکٹ سے ہدایت کاری کی دنیا  میں بھی قدم رکھا ہے اور یہ ان کا پہلا پروجیکٹ ہے جس میں بطور ہدایتکا ر وہ  اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔

صنم سعید کے ٹوئٹ پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے  ان کی حمایت کی ہے وہیں بعض صارفین نے ان سے اختلاف کیا ہے  ایک صحافی نے صنم سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی تشہیر سنیما کی ذمہ داری نہیں یہ بنیادی طور پر اداکاروں کے ساتھ پروڈیوسر ز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ آپ کی فلم کی تشہیر کریں۔ پھر بھی بہت سے سینما گھروں نے ایسا کیا اور وہ پوسٹرز اور اسٹینڈ کی قیمت بھی وصول نہیں کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ حد سے زیادہ پراعتماد، خود غرضی اور خود کو ایک میگا اسٹار سمجھنے سے  ایسا ہوتا ہے۔

دوسری جانب ’نیو پلیکس‘ سینما انتظامیہ نے اداکارہ کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ انہیں تاحال ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کے بینرز اور اسٹینڈیز موصول نہیں ہوئے، جیسے ہی موصول ہوجائیں گے، وہ انہیں آویزاں کردیں گے۔

متعلقہ تحاریر