سوناکشی سنہا نے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کردی

بھارتی میڈیا میں دبنگ اداکارہ کے خلاف خبریں شائع ہورہی تھیں کہ انہوں نے کسی شخص سے مالی فراڈ کیا ہے، سوناکشی نے جھوٹ قرار دے دیا۔

اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔ انہوں نے اس خبر کو جھوٹا قرار دے دیا۔

سوناکشی نے کہا کہ شکایت کرنے والا شخص ان کا نام استعمال کرکے ذاتی تشہیر چاہتا ہے اور ان کی نیک نامی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

اس ہفتے شائع ہونے والی کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ  مالی فراڈ کرنے پر سوناکشی سنہا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔

سوناکشی نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک طویل نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی تصدیق کے ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

یہ من گھڑت کہانی ہے اور ایک واقف کار ہی کی کارستانی ہے جو کہ مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے تمام میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور نئے رپورٹرز سے درخواست کی کہ اس جھوٹی خبر کو مزید شائع نہ کریں کیونکہ اس کی ترویج سے مذکورہ شخص اپنی تشہیر کر رہا ہے۔

سوناکشی نے کہا کہ وہ شخص ان کے خلاف میڈیا میں خبریں شائع کروا رہا ہے۔

یہ شخص اپنی تشہیر کے ساتھ ساتھ مجھ سے پیسے بھی اینٹھنا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اب اس معاملے پر مزید بات نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ اب مراد آباد کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور اِلہٰ آباد کی عدالت نے اس پر اسٹے آرڈر دے دیا ہے۔

سوناکشی کے مطابق مرادآباد کی عدالت سے کوئی بھی فیصلہ آنے تک میرا یہی موقف ہے تو مجھ سے مزید معلومات کیلیے رابطہ نہ کیجیے۔

میں گھر پر ہی ہوں اور آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ میرے خلاف کوئی وارنٹ جاری نہیں ہوئے۔

متعلقہ تحاریر