پاکستانی فنکار عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے

حنا خواجہ بیات، صبا قمر،ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، شان شاہد،ہارون شاہد،ثمینہ پیرزادہ، عدنان صدیقی،اعجاز اسلم،عشنا شاہ،روحیل حیات اور خالد انعم وزیراعظم کے حق میں بول پڑے

تحریک انصاف نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کامیاب پاور شو کیا ہے، اس جلسے کے حوالے سے خاصی تیاریاں کی جارہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر نہ صرف تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن جلسے کے حوالے سے خاصے سرگرم تھے بلکہ پاکستانی فنکار بھی اپوزیشن کے مقابلے میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔

بیشتر فنکاروں نے وزیراعظم کی حمایت میں ٹوئٹ کیے لیکن کسی فنکار نے براہ راست اپوزیشن کو نہیں للکارا تاہم سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو نام لیکر تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیے

نامور گلوکارہ عروج آفتات کی تصویر’ٹائمز اسکوائر‘ کے بل بورڈ پر آویزاں

آسکر کی تقریب میں  اہلیہ کا مذاق اڑانے پر اداکار ول اسمتھ نے میزبان کو تھپڑ مار دیا

حنا خواجہ بیات نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک وڈیو بیان میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے کہا کہ میں نے آج تک کبھی نہیں چاہا کہ میں کسی کے بارے میں یا کسی کیلیے  سخت الفاظ استعمال کروں لیکن مریم نواز صاحب آپ نے مجھے مجبور کردیا ہے کہ میں کہوں آپ کے منہ میں خاک۔

حنا خواجہ بیات نے مزید کہا کہ اللہ نہ کرے کہ بقول آپ کے پاکستان کا طیارہ اس پرانے پاکستان میں اترےجیسا پاکستان آپ لوگوں نے اور آپ کی اتحادی جماعتوں نے بنادیا تھا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت کرے ان دشمنوں سے جو ہمارے ملک کے اندر بیٹھے ہیں  اور باہر بھی ۔ حفاظت کرے ہماری پاک افواج کی اور ان لیڈروں کی جو محب وطن ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ یہ ایک پاکستانی کی دلی دعا ہے۔

اداکارہ صبا قمرنے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ ایک شخص کی بات نہیں، یہ پاکستان کی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وزیراعظم عمران خان کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ آمین

اداکار ہمایوں سعید نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں عمران خان کا اس وقت سے مداح ہوں جب وہ  کھلاڑی تھے اور آج بھی ان کی قیادت کا مداح ہوں۔ میری خواہش اور دعا ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کریں۔اللہ انہیں سلامت رکھے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد  تو وزیراعظم عمران خان کے  پرزور حامی  ہیں اور وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر عمران خان کے حق میں رائے عامہ ہموار کرتےنظر آتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 27 مارچ کے جلسے کا اعلان کیے جانے کےبعد سے ہی اداکار شان وزیراعظم کے حق میں  متعدد ٹوئٹ کیے۔

25 مارچ کو کیے گئے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ  پاکستان کی آن، شان اور جان عمران خان، جھوٹ کبھی دشمنوں کوجینے نہیں دیتا اور  سچ کبھی آپ کو مرنے نہیں دیتا،27 مارچ پریڈ گرانڈ ۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

26 مارچ کو کیے گئے ایک ٹوئٹ میں اداکار شان نے لکھا کہ حق پر لڑنے والوں کی تعداد نہیں گنی جاتی، ان کا حق پر کھڑے ہونے کا حوصلہ دیکھا جاتا ہے۔ کوشش انسان کرتا ہےاور مدد ہمیشہ اللہ کی طرف سے آتی ہے۔

اسی روز ایک اور ٹوئٹ میں میرا عشق، میرا جنون   ،عمران خان کے ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اداکار شان نے لکھا کہ قوم کی سب سے بڑی امانت اس کا وطن ہے، جو وہ سیاسی امینوں کوسونپتی ہے۔اس امانت میں خیا نت نہیں ہونی چاہیے، اصل امین کو پہچانو، وطن سے عشق کرنے کیلیے پارٹی ضرور نہیں بس صحیح فیصلہ ضروری ہے کہ امین صحیح ہو۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد اپنے ٹوئٹ میں اداکار شان شاہد نے لکھا کہ پاکستانیوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے کہ  وہ صرف ایک لیڈر چاہتے ہیں جو انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف لے جائے۔ انہوں نے عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ آپ اپنی پارلیمنٹ رکھ سکتے ہیں لیکن آپ کبھی ہم سے ہمارا لیڈر نہیں چھین سکتے۔

اداکار شان نے اداکار ہمایوں سعید کے عمران خان کے حق میں کیے گئے ٹوئٹ پر بھی تبصرہ  کیا۔انہوں نے  لکھا کہ بھائی زبردست! سچ کے ساتھ کھڑاہونا ہی پاکستان کیلیے واحد راستہ  ہے۔

گلوکار و اداکار ہارون شاہد بھی تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کے نہ صرف پرزور حامی ہیں بلکہ تحریک انصاف کے جلسوں باقاعدگی سے شرکت بھی کرتے آئے ہیں۔وہ بھی تحریک انصاف کی حمایت میں رائے عامہ کو ہموار کرنے کیلیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کرتے ہیں ۔

گزشتہ روز بھی وہ تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کیلیے بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد پہنچے۔انہوں نے نہ صرف جلسے میں شرکت کی بلکہ ٹوئٹر صارفین کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگا ہ کرتے رہے اور ناقدین کو منہ توڑ جواب بھی دیتے رہے۔

سینئر اداکارہ ثمینہ پیر زادہ بھی وزیراعظم عمران خان بڑی مداح ہیں۔24 مارچ کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان کو کتنی دیر تک اس مسلسل غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا؟ہم ابھی تک  جنگوں، آدھا ملک کھونے ،مارشل لا ، بھٹو کی پھانسی اور بی بی کو کھونے کے زخموں سے شفا حاصل نہیں کرسکے ، دہشت گردی ہمارے بچوں کو مار رہی ہے،  خدا کے لیے ہمیں سانس لینے دو۔

26مارچ کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ اپنے کپتان کو اللہ کی امان میں دیا۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سب کیلیے دعائیں، پاکستان کیلیے دعائیں، جمہور اور جمہوریت سلامت رہے۔

وزیراعظم کے جلسے کے بعد ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان کا ٹرمپ کارڈ عوام کی طاقت تھی،  انکے جلسے میں شریک عوام انکی طاقت ہے۔

اداکار عدنان صدیقی بھی پیچھے نہیں رہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جو لوگ گندی سیاست کھیلنے میں مصروف ہیں، کیا ان کے خیال میں  قومی خزانہ  نئے لیڈر یا نئے الیکشن کا بوجھ اٹھاسکتا  ہے۔

انہوں نے لکھا کہ عمران خان  مقبول لیڈر ہیں ،لوگوں کی ان  سے محبت اس کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی خاطر اس آدمی کو اپنی مدت پوری کرنے دیں۔

اداکار اعجاز اسلم نے بھی وزیراعظم عمران خان کیلیے نیک تمنا کا اظہار کرتے ہوئے لکھاکہ ہماری اگلی نسل کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا وقت ہے، گڈ لک عمران خان۔

اداکارہ عشنا شاہ نے بھی حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ  کسی کے سیاسی اتحادیا وابستگی سے قطع نظر، حکومت کا گرنا غیر فطری اور پریشان کن محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کسی بھی انسانی معاشرے کے لیے ایک مستحکم سیاسی ڈھانچہ سب سے اہم ہے۔ ابھی ہوا ناگوار محسوس ہو رہی ہے۔ اگر میری زندگی میں نہیں تو مجھے امید ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے پاکستان مستحکم ہو جائے گا۔

موسیقار روحیل حیات نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کیا بیداری ہے، زبردست! میرے گاؤں میں تقریباً ہر وہ شخص جسے میں جانتا ہوں یا تو عمران خان  کی کال کو سپورٹ کر رہا ہے۔ یہ فیصلہ کن لمحہ ہوسکتا ہے۔

روحیل حیات نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ انہوں نے اس قوم کے ضمیر کو جگادیا ہے۔

اداکار خالد انعم بھی  ملک کے سیاسی حالات پر اکثر تبصرہ کرتے نظر آتے ہیں ،گزشتہ روز جمہوری وطن پارٹی  کے رہنما نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے ایک قطعہ ٹوئٹ کیا۔

 21 مارچ کو ایک انسٹاپوسٹ میں خالد انعم نے لکھا کہ مہنگائی نے اتنا متاثر نہیں کیا کہ عمران خان کہ جگہ زرداری،شہباز یا فضل الرحمان مسیحا لگنے لگیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Khaled Anam (@khaled_anam)

26 مارچ کو  ایک وڈیو میں خالد انعم نے مہنگائی کیخلاف مارچ کرنے والی اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹر پرایک وڈیو پیغام جاری کیا۔انہوں نے کہا  کہ اپوزیشن کہتی ہے بہت مہنگائی ہے، پٹرول  مہنگا ہوگیا اور عوام پس رہے ہیں ، تو جو آپ گاڑیوں میں بیٹھ کر کراچی سے اسلام آباد اور لاہور سے اسلام آباد جارہے ہیں ، گاڑیاں پٹرول سے چل رہی ہیں نا؟ کیوں پٹرول ضائع کررہے ہیں،آپ کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنی چاہیے تھی، آپ پیدل چلے جاتے، لانگ مارچ کرتے، یہ بات ناقابل فہم ہے کہ  آپ لوگ مہنگائی کا مقابلہ خرچہ کرکے کررہے ہیں۔اس کا جواب دیں۔

اس سے قبل 19 مارچ کو ایک ٹوئٹ میں خالد انعم حکمراں جماعت سے بغاوت کرنے والے حکومتی ارکان اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  پاکستانی سیاسی ٹین ڈبوں کا سفر۔۔۔چھانگا مانگا کے کباڑ خانے سے سندھ ہاوس تک۔۔۔ اپلے کو دن میں پانچ بار بھی دھو لو مگر وہ اپلا ہی رہتا ہے۔

 انہوں نے ایک اور ٹوئٹ  میں  پی ٹی آئی کے باغی ارکان قومی اسمبلی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ  ہم سب ایک گول پیندے والے لوٹے ہیں جو ہمارے لیےلڑھکنا آسان بناتا ہے،  ہم قصہ خوانی سے میٹروپول تک اپنی پوری قوم میں پائے جا سکتے ہیں۔

اداکارخالد انعم نے 10 مارچ کو ٹوئٹ کی گئی ایک اور وڈیو میں  حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے سیاسی رہنماؤں کو نازیبا گفتگو پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ تحاریر