یشما گل نے والد کے ہمراہ عمرہ ادا کرلیا
اداکارہ کی عمرے کے مناسک ادا کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، وہ حرم شریف میں اپنے والد کی ویل چیئر چلا رہی ہیں۔
چُلبلی اور نٹ کھٹ اداکارہ یشما گِل نے اپنے والد کے ہمراہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عمرہ ادا کیا ہے، ان کی ایک مختصر ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یشمیٰ گل برقعے میں ملبوس ہیں اور ان کے والد ویل چیئر پر ہیں۔
View this post on Instagram
یشما اپنے والد کی ویل چیئر چلا رہی ہیں اور بیت اللہ شریف میں ہزاروں دیگر مسلمان عبادت کے لیے موجود ہیں۔
یشما گل کا شمار بھی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں اکثر اپنی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین یشما گل کی تصاویر دیکھ کر اس پر بےہودہ اور فحش کمنٹس کرتے ہیں۔
ایک غلط رواج جو ہمارے معاشرے میں پھیلتا جا رہا ہے وہ یہ ہے کہ ہم کسی کے بھی رہن سہن، لباس، انداز و اطوار سے اس کے مذہب کا اندازہ لگانا شروع کر دیتے ہیں۔
اول تو یہ کہ خدا نے کسی کو اس بات کا اختیار نہیں دیا کہ وہ دوسروں کا مذہب یا عقیدہ جانے یا اسے درست کرنے کی کوشش کرے۔
دوسرا یہ کہ کسی کے لباس سے یا اس کے لائف اسٹائل سے اپنے مطلب کی بات اخذ کرنے کا کام تو شاید ارسطو نے بھی نہیں کیا ہوگا۔
لیکن پاکستانیوں کی اکثریت اپنے تئیں سقراط بقراط بن کر دوسروں کے مذہبی عقائد پر ایسے گفتگو کرتی ہے جیسے خود اپنا بیڑا پار ہو چکا ہے۔
عمرے کی ادائیگی پر جہاں یشما گل کو مداحوں کی طرف سے بہت دعا و پیار مل رہا ہے وہیں سوشل میڈیا صارفین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ہمیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے اور کسی کے بھی مذہبی عقائد کو موضوعِ بحث نہیں بنانا چاہیے۔