حلال کھانے والا عمران خان کے علاوہ کسی کو سپورٹ نہیں کرسکتا، شہروز سبزواری

اداکار شہروز سبزواری نے ٹی وی پروگرام میں کہا کہ اگر کسی میں ذرا سی بھی غیرت ہوگی تو وہ عمران خان کو فالو کرے گا۔

سابق وفاقی وزیر ماحولیات زرتاج گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے معروف اداکار شہروز سبزواری کی گفتگو کا ایک حصہ شیئر کیا ہے، انہوں نے ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کی افطار ٹرانسمیشن میں اظہار خیال کیا تھا۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ اگر میرے والد نے میرے پیٹ میں حلال رزق ڈالا ہے تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ میں عمران خان کو سپورٹ نہ کروں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سچا اور صاف آدمی ہے، سیاست تو اب انہوں نے سیکھی ہے، تو لوگ اب بچیں جب وہ دوبارہ طاقت میں آئے گا۔

شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ باقی حریف اب یہ مان رہے ہیں کہ عمران خان خطرناک ہوچکے ہیں۔

پاکستان کو آگے لے کر جانا اور پاکستان کو مدینہ منورہ کی ریاست بنانا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی کر نہیں سکتا۔

اگر آپ میں ذرا سی بھی غیرت ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا کہ آپ عمران خان کو فالو نہ کریں۔

اس کے بعد میزبان رابعہ انعم نے شہروز سے پوچھا کہ آپ کے خیال میں عمران خان کے دور میں کوئی ایسی چیز جو بہت بہترین ہوئی اور کوئی ایسی چیز جو وہ نہیں کرسکے؟

شہروز سبزواری نے کہا کہ میں 1987 میں پیدا ہوا تو کئی دور دیکھ چکا ہوں۔

اسکول جاتا تھا تو ہڑتال کا لفظ سنا، پہیہ جام کا لفظ سنا، کبھی کسی کو کرپٹ کہا جاتا تھا کبھی کسی کو لیکن عمران خان کی جتنی تعریف سنی اتنی کسی بھی نہیں سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ گٹر صاف کرنے نکلیں تو ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ کے کپڑے صاف ہوں، تو یہ سب ٹھیک کرنے کیلیے 14 سال چاہئیں۔

رابعہ انعم نے پھر ایک سوال پوچھا آپ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو ٹیم ٹھیک ملی؟

شہروز نے جواب دیا کہ عمران خان نے لوگ صحیح اور سچے اٹھائے اور وہ لوگ سیاستدان اب بنے ہیں۔

متعلقہ تحاریر