عید کی محفلوں میں موبائل فون ضبط کرنے کی دلچسپ رسم

نیوز 360 کا عید کی بیٹھکوں کا سروے، شہریوں نے عید پر بیٹھک سجتے ہی موبائل فون بند کرکے کونے میں رکھ دیئے۔

عید کی خوشیوں اور دوستوں کی محفلوں کے رنگ میں بھنگ ڈالنے والے موبائل فون پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کئی دعوتوں میں موبائل فون ضبط کیے جاتے رہے۔

نیوز 360 کے عید سروے کے مطابق ملک بھر میں خاندان اور دوستوں کی دعوتوں کے موقع پر تمام شرکا نے موبائل فون کو سردرد قرار دیا۔

شہریوں نے موقف اختیار کیا کہ موبائل فون کی وجہ سے گپ شپ نہیں ہوتی۔ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی وجہ سے محفل کا رنگ پھیکا پڑ جاتا ہے۔

ایک عرصے کے بعد دوست اکٹھے ہوتے ہیں اور اس دوران بھی موبائل فون پر کالیں آتی ہیں یا واٹس ایپ یا انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ کے نوٹی فکیشن مسلسل آتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی ٹون سے محفل کی توجہ خراب ہوتی ہے۔

اسلام آباد کے گن اینڈ کنٹری کلب میں آرمی پبلک اسکول مری کے 20 سال پرانے کلاس فیلوز کی ایک محفل میں دوستوں نے موبائل فون ضبط کیے اور ایک طرف بند کر کے رکھ دیئے۔

محفل میں شریک ایک شہری کا کہنا تھا کہ کئی سال کے بعد دنیا بھر کے مختلف علاقوں سے پاکستان آنے والے دوست اکٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف چند گھنٹوں کی محفل ہے۔ دوستوں سے گپیں لگانی ہیں، وقت کم ہے اس لیے موبائل فون ضبط کیے ہیں۔

ابھی محفل شروع ہی ہوئی ہے اور گھروں سے فون آنا شروع ہوگئے ہیں، اسی لیے فون ضبط کر کے اور بند کر کے ایک طرف پڑے ہیں۔

متعلقہ تحاریر