صبا قمر اور بلال سعید مسجد وزیرخان کی بےحرمتی کے الزام سے بری

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق نے ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں بے قصور قرار دیا

لاہور کی عدالت نے  صبا قمر اور بلال سعید کو مسجد وزیر خان  کی بے حرمتی کے الزام سے بری کردیا۔

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق نے صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں منظور کیں اور انہیں بے قصور قرار دیا۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر دفاع اور استغاثہ کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

مسجد وزیر خان کیس: صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد

گوردوارہ کرتارپور صاحب میں ننگے سر ماڈلنگ پر سکھوں کی تنقید

ملزمان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ واقعے کی ایف آئی آر 10 دن کی تاخیر کے بعد درج کی گئی جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب کی انکوائری میں ملزمان کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔

وکیل نے کہا کہ اداکار صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے مسجد میں کوئی غیر اخلاقی حرکت نہیں کی، اور نہ ہی اس مقام پر کوئی رقص و موسیقی نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ اگست 2020 میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکاربلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

 سوشل میڈیا پر دونوں فنکاروں نے اپنے گانے”قبول ہے“ کے ٹیزر کے ساتھ کیپشن شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا کہ یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا، یہ میوزک ویڈیو کا تعارفی حصہ ہے جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے، اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے لہٰذا دونوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر